آزاد کشمیر ڈڈیال میں دہرے قتل کی لرزہ خیز واردات

تفصیلات کے مطابق میرپور آزاد کشمیر کے نواحی شہر ڈڈیال، مسلم ٹاؤن میں دہرے قتل کی لرزہ خیز واردات ہوئی ہے، جس میں شوہر نے چھریوں کے وار سے بیوی اور معصوم بیٹی کو قتل اور دوسری بیٹی کو زخمی کر دیا۔ پولیس کے مطابق ملزم محمد صدیق نے بیوی اور بیٹیوں پر چھری چلانے کے بعد اپنی جان لینے کی بھی کوشش کی، تاہم خود کشی کی کوشش میں وہ شدید زخمی ہو گیا، جس کو پولیس نے گرفتار کر لیا ہے۔ محمد صدیق نے چھریوں کے وار کر کے اپنی بیوی رضیہ اور 4 سالہ بیٹی ماہین کو قتل کیا، جب کہ 5 سالہ ہجویریہ خوش قسمتی سے بچ گئی تاہم وہ زخمی ہے، جسے طبی امداد دی گئی۔ پولیس حکام کے مطابق نعشوں کا پوسٹ مارٹم کیا جا رہا ہے، ملزم کو گرفتار کر کے اس کے خلاف ایف آئی آر بھی درج کر لی گئی ہے۔ واقعے کی وجہ معلوم نہیں ہو سکی ہے کہ محمد صدیق نے اپنا خاندان کیوں ختم کرنا چاہا۔