تیز رفتار ٹریلر پُل کی حفاظتی ریلنگ سے ٹکرا کر لٹک گیا

تفصیلات کے مطابق کراچی میں نیٹی جیٹی کے قریب واقع آئی سی آئی پل پر تیز رفتار ٹریلر حفاظتی جالیاں توڑتا ہوا پل سے لٹک گیا، حادثے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ ٹریفک پولیس کے مطابق ٹریلر لٹکنے سے ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی، جسے پل پر واپس لانے کے لیے بھاری کرین طلب کی گئی، ریسکیو عملے نے کرین کی مدد سے ہیوی گاڑی کو ہٹا کر ٹریفک کی روانی بحال کر دی۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق حادثہ ہفتہ کی صبح اس وقت پیش آیا جب تیز رفتار ٹریلر ڈرائیور سے بے قابو ہو گیا، جس کی وجہ سے وہ پل کی ریلنگ سے ٹکرایا اور اس کا اگلا حصہ پل سے لٹک گیا، حادثے کی وجہ سے ماری پور روڈ سے مائی کلاچی جانے اور مائی کلاچی سے ماری پور روڈ جانے والے ٹریک کو بند کر دیا گیا تھا۔ ٹریفک پولیس کے ترجمان کا کہنا تھا کہ حادثہ تیز رفتاری کے باعث پیش آیا، حادثے کے بعد ڈرائیور کو ٹریلر سے بہ حفاظت نکال لیا گیا ہے۔