فوڈ ڈیلوری بوائے کے بھیس میں ڈکیتیاں کرنیوالے عوام کے ہتھے چڑھ گئے

تفصیلات کے مطابق بھٹائی آباد میں فوڈ ڈیلیوری بوائے کے روپ میں ڈاکو شہریوں کو لوٹ رہے تھے، اس دوران ملزمان لوگوں کے ہتھے چڑھ گئے، شہریوں نے 2 ڈاکوؤں کو پکڑ کر تشدد کا نشانہ بنایا اور پولیس کے حوالے کردیا۔ پولیس نے بتایا کہ ڈاکوؤں کی شناخت ریحان اور شمن کے نام سے ہوئی ہے، مذکورہ ڈاکوؤں سے اسلحہ اور موٹرسائیکل بھی برآمد ہوا ہے۔ کچھ عرصے قبل ڈکیتی کی وارداتوں میں ملوث 5 رکنی گروہ کو بھی سرجانی ٹاؤن سے گرفتار کیا گیا تھا، ملزمان ٹھکانے پر لوگوں سے چھینا گیا سامان رکھ رہے تھے۔ کراچی پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے 5 ڈکیتوں کو گرفتار کیا تھا، ایس ایس پی طارق الہیٰ مستوئی نے بتایا تھا کہ پولیس موقع پر پہنچی تو ملزمان نے فائرنگ کردی۔ ایس ایس پی کا کہنا تھا کہ پولیس کی جوابی فائرنگ کے بعد 5 ملزمان گرفتار ہوئے جبکہ 3 فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے، ملزمان سے چھینی گئی موٹرسائیکلیں، موبائل فون اور اسلحہ برآمد کرلیا گیا تھا۔