پی ٹی آئی کو چیک کرنا چاہیے بشریٰ بی بی دو نمبر گیم تو نہیں کھیل گئیں:خواجہ آصف

وزیر دفاع خواجہ آصف نےکہا ہے کہ پی ٹی آئی کو چیک کرنا چاہیے کہ بشریٰ بی بی کہیں دو نمبر گیم تو نہیں کھیل گئیں۔ نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر دفاع خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ سنگجانی میں بیٹھنے پر بانی پی ٹی آئی اور پارٹی لیڈرشپ راضی تھی، یہ سنگجانی بیٹھ جاتے تو آج انٹرنیٹ، سڑکیں بند ہوتے اور ڈی چوک پر حملے کا خطرہ رہتا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کو تو بشریٰ بی بی کا تہہ دل سے مشکور ہونا چاہیے، بشریٰ بی بی کی ضد پر کے پی سے آنے والے ڈی چوک پر حملہ آور ہوئے اور پھر کپڑے، گاڑیاں اور جھنڈے چھوڑ کر فرار ہو گئے۔ وزیر دفاع کا مزید کہنا تھا کہ بشریٰ بی بی فرار ہوگئیں، گنڈاپور کارکنان کے ہاتھوں سارا دن رل گئے، پی ٹی آئی کی کمٹمنٹ برباد ہوگئی۔ خواجہ آصف نے پی ٹی آئی کو مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ چیک کرنے میں کوئی حرج نہیں ہے، حکومت کو بشری بی بی کا مشکور ہونا چاہیئے، سنگجانی میں بیٹھنے پر بانی پی ٹی آئی اور پارٹی لیڈرشپ راضی تھی، اگر یہ سنگجانی بیٹھ جاتے تو آج سڑکیں بند ہوتیں، انٹرنیٹ بھی مشکل سے چلتا، ائیر پورٹ سے اسلام آباد آنا مشکل ہوتا، ڈی چوک کے حملے کا خطرہ بدستور رہتا۔