تفصیلات کے مطابق لاہور میں اسموگ کی صورتحال اب بھی سنگین ہے، اور شہر میں ائیر کوالٹی انڈیکس 600 کے قریب پہنچ چکا ہے۔ دھند اور اسموگ کے باعث موٹر وے کے مختلف سیکشنز کو تمام ٹریفک کے لیے بند کر دیا گیا ہے۔
موٹر وے پولیس کے ترجمان نے بتایا کہ موٹر وے ایم 2 لاہور سے بھیرہ تک، لاہور سیالکوٹ موٹر وے، اور موٹر وے ایم 3 لاہور سے درخانہ تک اسموگ اور دھند کے باعث بند ہیں۔ اس کے علاوہ، موٹر وے ایم 4 پنڈی بھٹیاں سے ملتان تک اور موٹر وے ایم 5 ملتان سے سکھر بھی بند کیے گئے ہیں۔
شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کرنے اور فوگ لائٹ استعمال کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ ترجمان نے مزید کہا کہ تیز رفتاری سے پرہیز کریں اور اگلی گاڑی سے مناسب فاصلہ رکھیں۔ سفر سے قبل، شہری موٹر وے پولیس ہیلپ لائن 130 سے تازہ ترین معلومات بھی حاصل کر سکتے ہیں۔