وزیراعظم شہباز شریف آج ریاض میں عرب اسلامک سربراہی اجلاس سے خطاب کریں گے۔

تفصیلات کے مطابق، وزیراعظم شہباز شریف سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض پہنچ گئے ہیں، جہاں ان کا استقبال ریاض کے ڈپٹی گورنر، شہزادہ محمد بن عبدالرحمان نے کیا۔وزیراعظم آج ریاض میں ہونے والے عرب اسلامک سربراہی اجلاس میں شرکت کریں گے اور خطاب بھی کریں گے۔ یہ غیر معمولی سربراہی اجلاس سعودی حکومت کی جانب سے بلایا گیا ہے۔اجلاس میں فلسطین سمیت مشرق وسطیٰ کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا جائے گا، اور عرب لیگ و او آئی سی کے رکن ممالک کے سربراہان مملکت و حکومت بھی اس میں شریک ہوں گے۔سمٹ کی سائیڈ لائنز پر وزیراعظم کی عالمی رہنماؤں سے ملاقاتیں بھی متوقع ہیں، جبکہ وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ اور وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی بھی ان کے ہمراہ ہیں۔اس سے قبل، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے عرب اسلامک سمٹ سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ فلسطینیوں کے حقوق کے لیے تمام ممالک کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اسرائیلی دہشت گردی کی شدید مذمت کرتا ہے، اور اسرائیلی فورسز غزہ میں جنگی جرائم کا ارتکاب کر رہی ہیں۔ اس کے علاوہ، غزہ میں غیر مشروط جنگی بندی اور امداد کی فراہمی کی ضرورت پر زور دیا۔