پاکستان سٹاک ایکسچینج میں نیا ریکارڈ قائم ہوگیا، ہنڈرڈ انڈیکس 92 ہزار پوائنٹس کی حد بھی عبور کر گیا۔ کاروباری ہفتے کے پہلے روز کاروبار کے دوران سٹاک مارکیٹ میں زبردست تیزی ریکارڈ کی گئی ہے، 1100 سے زائد پوائنٹس اضافے کے ساتھ پاکستان سٹاک ایکسچینج میں ہنڈرڈ انڈیکس 92 ہزار 16 پوائنٹس کی سطح پر ٹریڈ کر رہا ہے۔ کاروباری ہفتے کے پہلے ہی دن بازارِ حصص میں مارکیٹ کا آغاز 854 پوائنٹس کی بڑی تیزی کے ساتھ ہوا جب کے ایس ای 100 انڈیکس 91 ہزار پوائنٹس کی نفسیاتی سطح عبور کرکے 91814 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ گیا۔ بعد ازاں پی ایس ایکس میں تیزی کا سلسلہ جاری رہا اور مجموعی طور پر 1202 پوائنٹس کی ریکارڈ ساز تیزی کے ساتھ کے ایس ای 100 انڈیکس بڑھ کر 91000 اور 92000 پوائنٹس کی 2 نفسیاتی سطحیں عبور کرکے 92062 پوائنٹس کی نئی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا۔ واضح رہے کہ گزشتہ کاروباری ہفتے کے آخری روز پاکستان سٹاک مارکیٹ میں کاروبار کا اختتام مثبت زون میں ہوا جس کے باعث ہنڈرڈ انڈیکس 1893 پوائنٹس اضافے کیساتھ 90 ہزار 859 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا تھا۔ دوسری جانب انٹر بینک میں ڈالر کی قدر میں اضافہ ہوا ہے۔ کاروباری ہفتے کے پہلے روز انٹربینک میں امریکی کرنسی 7 پیسے مہنگی ہوئی جس کے ساتھ انٹر بینک میں ڈالر 277.70 روپے سے بڑھ کر 277.77 روپے پر ٹریڈ ہو رہا ہے۔