وزیراعظم شہباز شریف نے ایران پر اسرائیلی حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے اقوام متحدہ کے چارٹر اور عالمی قوانین کی کھلم کھلاخلاف ورزی قرار دیا ہے اور سلامتی کونسل سے امن کے لیے کردار ادا کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر جاری بیان میں وزیراعظم پاکستان شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ایران کے خلاف اسرائیلی جارحیت کے حالیہ اقدام پر شدید تشویش ہے، صہیونی ریاست کے اس اقدام کی شدید مذمت کرتے ہیں۔ شہباز شریف نے کہا کہ اس طرح کے اقدامات سے علاقائی امن واستحکام کو خطرہ ہے، یہ حملے خود مختاری اور بین الاقوامی قانون کے اصولوں کی خلاف ورزی ہے، پاکستان امن کے حصول کے لیے ایران اور دیگر ہمسایہ ممالک کے ساتھ مل کر کام کرتا رہے گا۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان تمام فریقین پر زور دیتا ہےکہ وہ مزید کشیدگی سے بچنے کے لیے تحمل سےکام لیں۔ واضح رہے کہ اسرائیلی فوج نے رات گئے ایران پر فضائی حملہ کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ میزائل سازی کی تنصیبات، و دیگر اہداف کو نشانہ بنایا ہے۔ دریں اثنا، ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرہ بلوچ کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا کہ ایران کے خلاف اسرائیلی حملوں کی شدید مذمت کرتے ہیں، صہیونی فوج کے حملے ایران کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی خلاف ورزی ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ اسرائیلی فوجی حملے اقوام متحدہ کے چارٹر اور بین الاقوامی قوانین کی سنگین خلاف ورزی ہے، یہ حملے علاقائی امن اور استحکام کے راستے کے لیے نقصان دہ ہیں۔ ترجمان دفتر خارجہ نے مزید کہا کہ حملے پہلے سے ہی عدم استحکام کا شکار خطے میں خطرناک حد تک کشیدگی میں اضافہ کا باعث ہیں، تنازع کے بڑھنے اور پھیلنے کا پورا ذمہ داری اسرائیل ہے۔