وزیراعظم شہباز شریف سے چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے وفد کے ہمراہ ملاقات کی ہے۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف اور بلاول بھٹو کے درمیان مجوزہ 26ویں آئینی ترمیم کے حتمی مسودے پر مشاورت ہوئی، ملاقات میں رات گئے ہونے والی سیاسی ملاقاتوں کے تناظر میں مسودے میں تبدیلیوں پر بھی غور کیا گیا۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ اس اہم ملاقات میں اٹارنی جنرل منصور عثمان اعوان بھی شریک تھے، ملاقات میں موجودہ سیاسی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال اور مشاورت کی گئی۔ اس موقع پر نائب وزیرِاعظم اسحاق ڈار، وزیرِ قانون اعظم نذیر تارڑ جبکہ پیپلزپارٹی کی جانب سے شیری رحمان، سید نوید قمر اور مرتضی وہاب موجود تھے۔ بعدازاں بلاول بھٹو زرداری وہاں سے جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کی رہائش پہنچے جہاں بی این پی کے سربراہ اختر مینگل نے ان کا استقبال کیا۔ وہ صبح ہی مولانا فضل الرحمان کی رہائش گاہ پہنچے تھے۔ بلاول کی آمد سے کچھ دیر قبل ہی پی ٹی آئی وفد نے مولانا فضل الرحمان سے ملاقات کی تھی اور آئینی ترامیم پر بات کی تھی۔ یاد رہے کہ بلاول بھٹو نے گزشتہ روز بھی فضل الرحمان سے دو ملاقاتیں کی تھیں، پہلی ملاقات کے وقت گزشتہ روز پی ٹی آئی کا وفد پہلے سے موجود تھا جس پر بلاول نے باہر رک کر فضل الرحمان کا انتظار کیا تھا۔