لاڑکانہ میں چئیرمین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی اور پیپلز پارٹی سندھ کے صدر سندھ نثار کھوڑو کے گھر پر دستی بم حملہ کیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق پولیس نے بتایا ہے کہ کریکر پھٹنے سے کوئی جانی و مالی نقصان نہیں ہوا۔ پولیس کے مطابق موٹرسائیکل پر سوار دو افراد نے گھر میں دستی بم پھینکنے کی کوشش کی۔ تاہم بم کریکر گھر کی دیواریں اونچی ہونے کے باعث اندر نہ جاسکا۔ پولیس کا مزید کہنا تھا کہ نثار کھوڑو اس وقت لاڑکانہ میں اپنے گھر موجود نہیں۔ پولیس نے کہا کہ س واقعے پر مزید تحقیقات جاری ہیں۔ پیپلز پارٹی رہنما اور رکن سندھ اسمبلی نثار کھوڑو کے گھر پر کریکر حملے کے فوری بعد پولیس ان کی رہائشگاہ پہنچ گئی۔ پولیس کے مطابق نامعلوم افراد ہینڈ کریکر پھینک کر فرار ہوئے۔ تاہم بم ڈسپوزل اسکواڈ کو طلب کیا گیا ہے۔ دھماکے کی نوعیت اور استعمال کیے گئے بارودی مواد کے متعلق جانچ پڑتال کی جائے گی۔ خوش قسمتی سے واقعے میں کوئی نقصان نہیں ہوا۔ نثار کھوڑو نے کہا کہ ایسے دھماکے مجھے جمہوریت اور عوام کیلئے جدوجہد کرنے سے نہیں روک سکتے۔ اور میں جمھوری کردار ادا کرنے سے کبھی باز نہیں آؤں گا۔ جمھوریت کے لیے جدوجہد کرتا رہوں گا اور کسی سے ڈرنے والا نہیں ہوں۔ انہوں نے کہا کہ ایسا حملہ ماضی میں جام صادق کے دور میں بھی ہوچکا ہے۔ لیکن میں نہ پہلے ڈرا تھا نہ اب ڈروں گا۔ ایسے واقعات مجھے حراساں نہیں کرسکتے جبکہ جمھوریت، عوام اور سندھ کے مسائل پر بات کرتا رہوں گا۔