اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے گزشتہ روز اسلام آباد پولیس کے پارلیمنٹ ہاؤس سے پی ٹی آئی اراکین اسمبلی کی گرفتاری کے واقعے پر ایکشن لینے کا اعلان کیا ہے۔اسمبلی کے اجلاس میں پی ٹی آئی سمیت دیگر سیاسی جماعتوں کے اراکین نے گزشتہ روز اسلام آباد پولیس کی جانب سے پارلیمنٹ ہاؤس میں داخل ہوکر تحریک انصاف کے اراکین اسمبلی کی گرفتاریوں کی مذمت کرتے ہوئے اس کے خلاف یک آواز ہوکر ایکشن لینے کا مطالبہ کیا جس پر اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے واقعے پر ایکشن لینے کا اعلان کر دیا ہے۔اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے اپنی رولنگ دیتے ہوئے کہا کہ کل رات جو کچھ ہوا ہے، اس پر یقینی طور پر ایکشن لینا پڑے گا۔ میں نے کل رات کی تمام فوٹیجز منگوا لی ہیں۔ ان فوٹیجز کو دیکھ کر ذمے داروں کا تعین کیا جائے گا اور ان کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ایاز صادق نے مزید کہا کہ 2014 میں ایک جماعت کے سربراہ اور اس کے کزن نے پارلیمنٹ پر حملہ کیا تھا۔ دوسرا حملہ پارلیمنٹ لاجز میں مولانا صلاح الدین کے کمرے پر ہوا تھا اور کل رات جو پارلیمنٹ میں ہوا، میں اسے تیسرا حملہ سمجھتا ہوں۔