صدر مملکت آصف علی زرداری نے آئندہ مالی سال کے بجٹ پر دستخط کردیے، نیا بجٹ صدر مملکت کی منظوری کے بعد کل سے نافذ العمل ہوگا۔ صدر پاکستان آصف علی زرداری نے فنانس بل 25-2024 پر دستخط کردیے، صدر مملکت نے وزیراعظم شہباز شریف کی ایڈوائس پر فنانس بل کی منظوری دی، آئندہ مالی سال کا بجٹ کل سے نافذ العمل ہوگا قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کی جانب سےگزشتہ روز فنانس ترمیمی بل 2024 ایوان صدر کو بھجوایا گیا تھا، صدر آصف علی زرداری نے فنانس بل کی توثیق کر دی ہے۔ یاد رہے کہ قومی اسمبلی نے دو روز قبل اسپیکر ایاز صادق کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں بھاری ٹیکس سے بھرپور 18ہزار 877 ارب روپے کا وفاقی بجٹ منظور کیا تھا فنانس بل25-2024 کی منظوری کے بعد ایوان میں ضمنی مطالبات زر کی منظوری دی گئی، قومی اسمبلی نے رواں مالی سال کے لیے 477 ارب چار کروڑ 43 لاکھ روپے سے زائد کے 25 مطالبات زر منظور کرلیے۔ قومی اسمبلی نے مالی سال 23-2022 کے لیے 740 ارب 72 کروڑ روپے سے زائد کے 53 ضمنی مطالبات زر منظور کیے جب کہ 141 ارب 20 کروڑ روپے سے زائد کے 26 اضافی مطالبات زر بھی منظور کیے گئےپیٹرولیم لیوی میں کمی کی اپوزیشن کی ترامیم کثرت رائے سے مسترد کی گئی تھی جس میں 170 ارکان اسمبلی نے پیٹرولیم ڈویلپمنٹ لیوی میں کمی کے خلاف ووٹ دیا جبکہ 84 ارکان نے لیوی میں کمی کی حمایت کی۔ تاہم وزیر خزانہ نے خود ہی پیٹرولیم لیوی میں کمی کا اعلان کیا۔ واضح رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف، چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری اور آصفہ بھٹو زرداری بھی اجلاس میں شریک ہوئے تھے۔ اپوزیشن نے بجٹ کو آئی ایم ایف کا تیار کردہ اور عوام دشمن قرار دیتے ہوئے مخالفت کی۔