ریلوے ملازمین حکومت کے خلاف سراپا احتجاج

لاہور ؛  مالی مسائل کی وجہ سے ریلوے ملازمین بھی حکومت کے خلاف سراپا احتجاج ہوگئے۔ ایکسپریس نیوز کے مطابق شدید مالی بحران کی وجہ سے پاکستان ریلوے ملازمین کو تنخواہیں ادا کرنے میں قاصر دکھائی دے رہا ہے، جس کے باعث ملازمین شدید گھریلو پریشانیوں کا شکار ہوچکے ہیں اور انہی مسئلے مسائل سے تنگ آکر ریلوے ملازمین نے لاہور ڈیزل شیڈ میں احتجاجی مظاہرہ کیا ، جس کی قیادت ریلوے پریم یونین سی بی اے نے کی۔بتایا گیا ہے کہ صدر پریم یونین لاہور ڈویژن فیاض احمد شہزاد، سیکریٹری خضر حیات بیگ، سینئرنائب صدر محمد جمیل ملک اور آرگنائزر حاجی عزیز مدنی کی جانب سے وزیر ریلوے سعد رفیق اور سی ای او ریلوے ارشد سلام خٹک سے اپیل کی گئی ہے کہ عیدالاضحیٰ سے پہلے ملازمین کو تنخواہوں کی ادائیگی یقینی بنائی جائے کیوں کہ تنخواہیں تاحال نہ ملنے کی وجہ سے ریلوے ملازمین شدید پریشان ہیں۔ادھر پیپلز پارٹی کی سندھ حکومت کی جانب سے عید الاضحٰی کی آمد پر سرکاری ملازمین کو جولائی کے بجائے جون میں ہی تنخواہیں ادا کرنے کی ہدایت کر دی گئی کیوں کہ سندھ حکومت نے عید قربان کی آمد کے موقع پر سرکاری ملازمین کو ریلیف دینے کا فیصلہ کیا ہے، جس کے تحت صوبائی حکومت کے محکمہ خزانہ نے صوبے کے سرکاری ملازمین کو عید الاضحٰی کی آمد کی وجہ سے اگلے ماہ کی تنخواہیں یکم جولائی کے بجائے عید سے قبل 23 جون کو ادا کرنے کا فیصلہ کیا ہے، اس حوالے سے باقاعدہ ہدایات جاری کر دی گئی ہیں جبکہ دیگر صوبوں اور وفاقی حکومت کی جانب سے بھی سرکاری ملازمین کو تنخواہیں اور پنشن عید سے قبل ہی جاری کیے جانے کا امکان ہے۔