29

کل سے فائنل راؤنڈ شروع ہے‘ 2 سے 4 ہفتوں میں فیصلہ ہو جائے گا، شیخ رشید احمد سپریم کورٹ پر حملہ کرنا ن لیگ کو وراثت میں ملا ہے‘ ججز کو لٹکانے اور دھرنے کی باتیں عدلیہ کے خلاف اعلان جنگ ہے۔ سربراہ عوامی مسلم لیگ کا بیان

راولپنڈی : عوامی مسلم لیگ کے سربراہ اور سابق وفاقی وزیرداخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ پر حملہ کرنا ن لیگ کو وراثت میں ملا ہے۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ ججز کو لٹکانے اور دھرنے کی باتیں عدلیہ کے خلاف اعلان جنگ ہے اور رجسٹرار سپریم کورٹ کے اجلاس میں پولیس کی عدم شرکت سول نافرمانی کی دلیل ہے، جب کہ عدلیہ نے ملک کو انارکی اور خانہ جنگی سے بچایا ہے، کل سے فائنل راؤنڈ شروع ہے، 2 سے 4 ہفتوں میں فیصلہ ہو جائے گا، الیکشن ہوں گے اور آگ و خون کی سیاست ختم ہو کر رہے گی۔سربراہ عوامی مسلم لیگ نے مزید کہا کہ معاشی حالات مخدوش اور بحران سنگین ہے، 20 کلو آٹے کا تھیلا 3400 روپے کا ہو گیا ہے، کسی پارٹی کو بین کرنا آسان نہیں ہوگا، فوج کے حساس اداروں کی عمارتوں پر حملے کی غیر جانبدار تحقیقات کرائی جائیں، فوج عظیم ہے جس کو ن لیگ کی فرمائشی، نمائشی اور دکھاوے کی ریلیوں کی محتاج نہیں۔ادھر پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ آج تک کسی سیاست دان پر 150 مقدمات نہیں ہوئے، یہ انتخابات میرے جیل میں ہونے یا مارے جانے پر کرانا چاہتے ہیں، گرفتاری کے وقت اچانک کچھ لوگ کمانڈوز کی طرح آئے، میں سمجھا میری حفاظت کے لیے آئے ہیں۔ غیرملکی چینل ’اسکائی نیوز‘ کو انٹرویو دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جان کو لاحق خطرات کے سبب جج نے میری حفاظت کے احکامات دیئے، جس طرح انہوں نے سب کو مارا پیٹا اور مجھے گرفتار کیا وہ حیران کن تھا، پاکستان میں جمہوریت کم ترین سطح پر ہے، بنیادی حقوق پامال کیے جا رہے ہیں، پولیس والے میرے گھرکا دروازہ توڑ کر اندر داخل ہوئے۔سابق وزیر اعظم نے کہا کہ حکومت انتخابات سے خوفزدہ ہے، انہیں پتہ ہے ان کا صفایا ہوجائےگا، یہ انتخابات میرے جیل میں ہونے یا مارے جانے کی صورت میں کرانا چاہتے ہیں، اس صورتحال میں امید صرف عدلیہ ہے، موجودہ حکومت خوف زدہ ہے اور انہیں الیکشن میں شکست کا ڈر ہے، اسی لیے حکومت نے اسلام آباد ہائیکورٹ سے مجھے ایسے پکڑا جیسے میں کوئی دہشت گرد ہوں، ورنہ کس ملک میں سب سے بڑی جماعت کی اعلیٰ قیادت کو اس طرح پکڑا یا نظر بند کیا جاتا ہے، دراصل حکومت کا منصوبہ ہے مجھے اور میری جماعت کو انتخابات سے باہر کیا جائے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں