46

پی ٹی آئی نے پنجاب اور خیبرپختونخواہ اسمبلیوں کی بحالی کیلئے پٹیشن تیارکرلی پٹیشن دونوں صوبوں کے اسپیکرز کی جانب سے دائر کی جائے گی، اگر مقررہ آئینی مدت پر الیکشن نہ ہوئے تو نگران حکومت کا رہنا غیرآئینی ہوگا

لاہور : پاکستان تحریک انصاف نے پنجاب اور خیبرپختونخواہ اسمبلیوں کی بحالی کیلئے پٹیشن تیارکرلی، پٹیشن دونوں صوبوں کے اسپیکرز کی جانب سے دائر کی جائے گی، اگر مقررہ آئینی مدت پر الیکشن نہ ہوئے تو نگران حکومت کا رہنا غیرآئینی ہوگا۔ جیو نیوز کے مطابق ااسپیکر پنجاب اسمبلی سردار سبطین خان کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی نے پنجاب اور خیبرپختونخواہ اسمبلیوں کی بحالی کیلئے پٹیشن تیارکرلی ہے۔پٹیشن دونوں صوبوں کے اسپیکرز سبطین خان اور مشتاق غنی کی جانب سے دائر کی جائے گی۔ اگر مقررہ آئینی مدت پر الیکشن نہ ہوئے تو نگران حکومت کا رہنا غیرآئینی ہوگا۔ پٹیشن میں مطالبہ کیاجائے گا کہ مقررہ آئینی تاریخ پر الیکشن نہ ہونے پر پنجاب اور خیبرپختونخواہ کی حکومتیں بحال کردی جائیں۔دوسری جانب وفاقی حکومت اور تحریک انصاف کے درمیان کل ہونے والے مذاکرات کی اندورنی کہانی سامنے آ گئی ہے۔جیو نیوز کی رپورٹ کے مطابق وفاقی حکومت اور تحریک انصاف انتخابی تاریخ پر لچک دکھانے کو تیار ہیں، وفاقی حکومت کی طرف سے ستمبر میں ایک ساتھ الیکشن کرانے پر کچھ رضا مندی بھی ظاہر کی گئی ہے۔ مذاکرات میں تحریک انصاف نے زیادہ سے زیادہ جولائی میں الیکشن کرانے کا مطالبہ کیا۔ رپورٹ میں ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا گیا ہے کہ تحریک انصاف کی کمیٹی نے اپنے مطالبات حکومت کے سامنے رکھے جبکہ وفاقی حکومت کی کمیٹی اپنی تجاویز آج پیش کرے گی۔تحریک انصاف مذاکراتی کمیٹی کے رکن فواد چوہدری نے انتخابات آگے کرانے کیلئے آئین میں ترمیم کی تجویز دی اور رائے دی کہ اسمبلی قبل از وقت تحلیل کرنے پر انتخابات کیلئے آئین میں ترمیم لازمی ہو گی۔ ذرائع کے مطابق پیپلز پارٹی کے ارکان نے انتخابات کیلئے فواد چوہدری کی آئینی ترمیم کی تجویز کی حمایت کی۔ تحریک انصاف نے ہفتے تک کمیٹی کی کارروائی مکمل کرنے کا مطالبہ کیا ہے کیونکہ تحریک انصاف کمیٹی کے ذریعے معاملے کو طول دینا نہیں چاہتی،پی ٹی آئی کی تجاویز پر وفاقی حکومت کی کمیٹی آج مؤقف دے گی۔اسی طرح گزشتہ روز پنجاب میں عام انتخابات کیلئے فنڈز کے اجرا پر سپریم کورٹ نے وزارت خزانہ سے بھی رپورٹ طلب کر لی۔ رجسٹرار آفس سپریم کورٹ نے وزارت خزانہ کو بھی نوٹس بھجوا دیا ہے،عدالتی نوٹس پر وزارت خزانہ کی رپورٹ تاحال رجسٹرار آفس کو موصول نہیں ہوئی۔ جبکہ پنجاب میں انتخابات کیلئے فنڈز کے اجرا سے متعلق الیکشن کمیشن نے پیشرفت رپورٹ سپریم کورٹ میں جمع کرا دی ہے۔ ذرائع الیکشن کمیشن کے مطابق پنجاب میں انتخابات کیلئے 21 ارب کے فنڈز تاحال نہیں ملے،سپریم کورٹ نے پنجاب کے انتخابات کیلئے 27 اپریل تک فنڈز منتقلی کا حکم دیا تھا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں