107

عوام کی رائے کا مظہر آئین پاکستان اور پارلیمان ہے:آرمی چیف

اسلام آباد: آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کا کہنا ہے کہ عوام کی رائے کا مظہر آئین پاکستان اور پارلیمان ہے، چیف آف آرمی اسٹاف جنرل سید عاصم منیر نے قومی سلامتی کمیٹی کے ان کیمرہ اجلاس سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ریاست پاکستان کی سینٹر آف گریویٹی عوام ہے،آرمی چیف نے 1973 کے آئین کے نفاذ کے 50 سال مکمل ہونے پر پارلیمنٹ اور ارکان کو مبارک دیتے ہوئے کہا کہ اختیارات کا مرکز پاکستان کے عوام ہیں، آئین پاکستان اور پارلیمنٹ عوام کی رائے کا مظہر ہیں،انہوں نے کہا کہ عوام اپنی رائے آئین اور پارلیمنٹ کے ذریعے استعمال کرتے ہیں، حاکمیت اعلی اللہ تعالی کی ہے، اللہ تعالیٰ کے اس حکم سے ہی آئین کو اختیار ملا ہے، آئین کہتا ہے کہ اختیار عوام کے منتخب نمائندوں کے ذریعے استعمال ہوگا،آرمی چیف نے کہا کہ یہ کمپین ریاست پاکستان کی پہلے سے منظور شدہ اسٹریٹیجی ہے، کمپین میں سیکیورٹی اداروں کے علاوہ حکومت کے تمام ضروری عناصر شامل ہوں گے، کمپین میں قانونی، معاشی، معاشرتی خارجی ودیگر عناصر شامل ہوں گے،پاک فوج کے سپہ سالار نے کہا کہ یہ نیا آپریشن نہیں بلکہ عوام کے غیرمتزلزل اعتماد کی عکاسی کرتا ہے، اس وقت پاکستان میں الحمدللہ کوئی نوگوایریا نہیں رہا، اس کامیابی کے پیچھے ایک کثیر تعداد شہدا و غازیان کی ہے،آرمی چیف نے کہا کہ شہدا نے اپنے خون سے وطن کی آبیاری کی ہے، دہشت گردی کے خلاف 80 ہزار سے زائد لوگوں نے قربانیاں پیش کیں، دہشت گردوں کے پاس ریاستی رٹ تسلیم کرنے کے سوا کوئی اور راستہ نہیں

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں