65

عدالت بغاوت کے قانون سیکشن 124 اے کو غیر آئینی قرار دے چکی ہے،فواد چوہدری اسلام آباد پولیس نے عمران خان کیخلاف اسی دفعہ کے تحت مقدمہ درج کر لیا ہے،رہنما تحریک انصاف

لاہور : تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ لاہور ہائیکورٹ بغاوت کے قانون کو غیر آئینی قرار دے چکی ہے لیکن اب بھی اسی دفعہ کے تحت مقدمات درج کیے جا رہے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق فواد چوہدری نے ٹویٹر پر اپنے بیان میں کہا ہے کہ لاہور ہائیکورٹ کے بغاوت کے قانون سیکشن 124 اے کو غیر آئینی قرار دے چکی ہے،اسلام آباد پولیس نے عمران خان کیخلاف اسی دفعہ کے تحت مقدمہ درج کر لیا،یہی وہ احترام ہے جس کا مظاہرہ حکومت اب عدالتوں کے ساتھ کر رہی ہے۔یاد رہے کہ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کیخلاف اسلام آباد کے تھانہ رمنا میں ایک اور مقدمہ درج کر لیا گیا ہے،مقدمہ مجسٹریٹ کی مدعیت میں درج ہوا۔ ایف آئی آر میں کہا گیا ہے کہ عمران خان نے انٹر ویو میں حساس اداروں کے آفیسرز سے متعلق نا زیبا الفاظ استعمال کیے،حساس اداروں کے آفیسرز کے نام لیکر بدنام کرنے کی کوشش کی گئی،عمران خان مذموم ارادوں کے مقاصد کیلئے سوشل میڈیا کا بھی سہارا لیتے ہیں۔ایف آئی آر کے مطابق چیئرمین پی ٹی آئی کا رویہ ملک اور ریاست کی سالمیت کیلئے خطرہ ہے،ملزم نے اپنی تقاریر سے فوج،مختلف گروہوں اور طبقوں میں انتشار پھیلایا۔ جبکہ اسلام آباد ہائیکورٹ نے عمران خان کیخلاف مقدمات کی تفصیلات فراہمی کے کیس میں ایف آئی اے اور وفاقی پولیس کی حد تک مقدمات کی تفصیلات طلب کر رکھی ہیں۔ اسلام آباد ہائیکورٹ میں عمران خان کیخلاف مقدمات کی تفصیلات فراہمی سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی تھی،چیف جسٹس عامر فاروق نے کیس پر سماعت کی۔پی ٹی آئی کے وکیل فیصل فرید نے وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ کے بیان کی کاپی عدالت میں پیش کی اور کہا کہ صورتحال یہ ہے یہاں ضمانت کرا کے نکلتے ہیں اور جعلی مقدمے میں لوگوں کو اٹھا لیا جاتا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں