اسلام آباد: سعودی عرب کی بلوچستان میں سرمایہ کاری کے لیے دلچسپی نے صوبے کی معیشت میں نئی روح پھونک دی ہے۔ سعودی عرب نے پاکستان کے صوبہ بلوچستان میں معدنیات، توانائی، زراعت اور صنعتی شعبوں میں سرمایہ کاری کے ساتھ ساتھ صوبے کی ہنرمند افرادی قوت کو سعودی عرب میں روزگار کے مواقع فراہم کرنے میں دلچسپی ظاہر کی ہے۔
ڈائریکٹر جنرل پبلک ریلیشن بلوچستان کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق سعودی پاکستان جوائنٹ بزنس کونسل کے چیئرمین شہزادہ منصور بن محمد آل سعود نے 10 رکنی اعلیٰ سطحی سعودی کاروباری وفد کے ہمراہ بدھ کو بلوچستان حکومت کے نمائندوں سے ملاقات کی۔ اس ملاقات میں مختلف ترقیاتی منصوبوں میں عملی شرکت اور سرمایہ کاری کے عزم کا اظہار کیا گیا۔
بلوچستان حکومت کے وفد کی قیادت بلوچستان سرمایہ کاری بورڈ (BBoIT) کے وائس چیئرمین بلال نے کی، جنہوں نے سعودی عرب کے کاروباری وفد کو بلوچستان میں سرمایہ کاری کے مواقع اور ترقیاتی منصوبوں کے بارے میں تفصیلات فراہم کیں۔ اس موقع پر دونوں جانب سے باہمی تعاون کے فروغ پر زور دیا گیا۔
یہ سرمایہ کاری نہ صرف بلوچستان کی معیشت کو مستحکم کرے گی بلکہ مقامی لوگوں کے لیے روزگار کے نئے مواقع بھی فراہم کرے گی۔ سعودی عرب کی جانب سے اس دلچسپی کا اظہار اس بات کا ثبوت ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی تعلقات میں مزید بہتری کی گنجائش موجود ہے۔