غیر قانونی انٹرنیٹ

غیر قانونی انٹرنیٹ فراہمی کی روک تھام کیلئے پی ٹی اے اور آپریٹرز کا اہم اقدام

اسلام آباد: پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے ملک بھر میں جاری غیر قانونی انٹرنیٹ فراہمی کے کاروبار کے خلاف سخت کارروائی کا آغاز کرتے ہوئے تمام لائسنس یافتہ آپریٹرز کے ساتھ ایک اہم مشاورتی اجلاس منعقد کیا ہے ۔ اس اجلاس کا بنیادی مقصد ٹیلی کام کے شعبے میں شفافیت کو فروغ دینا اور حکومتی قواعد و ضوابط کی مکمل پاسداری کو یقینی بنانا ہے ۔

موجودہ دور میں ڈیجیٹل انفراسٹرکچر کی اہمیت اور سکیورٹی خدشات کو مدنظر رکھتے ہوئے یہ انتہائی ضروری ہو گیا تھا کہ بغیر لائسنس کے کام کرنے والے نیٹ ورکس کے خلاف فوری اور فیصلہ کن اقدامات اٹھائے جائیں ۔ پی ٹی اے کے حکام نے اجلاس کے دوران واضح کیا کہ قانون کی خلاف ورزی کرنے والے عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں ہوں گے اور ان کے خلاف قانون کے مطابق سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی ۔

اجلاس کے دوران لانگ ڈسٹنس اینڈ انٹرنیشنل (ایل ڈی آئی) ، فکسڈ لوکل لوپ (ایف ایل ایل) اور کلاس ویلیو ایڈڈ سروسز کے نمائندگان نے کثیر تعداد میں شرکت کی ۔ تمام شرکاء نے اس بات پر مکمل اتفاق کیا کہ ملک میں معیاری اور محفوظ انٹرنیٹ سروسز کی فراہمی کے لیے تمام متعلقہ اداروں کو مل کر مشترکہ حکمت عملی کے تحت کام کرنا ہوگا ۔

لائسنس یافتہ آپریٹرز نے پی ٹی اے کی جانب سے اٹھائے جانے والے ان اقدامات کو سراہا اور یقین دلایا کہ وہ اس مہم میں ریگولیٹری اتھارٹی کے ساتھ مکمل تعاون کریں گے تاکہ صارفین کو بلا تعطل اور اعلیٰ معیار کی ڈیجیٹل خدمات کی فراہمی کو یقینی بنایا جا سکے ۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ اس طرح کے اقدامات نہ صرف ملک کے ڈیجیٹل معیشت کو مستحکم کریں گے بلکہ قومی سلامتی کے تقاضوں کو پورا کرنے میں بھی اہم کردار ادا کریں گے ۔ پی ٹی اے نے عزم ظاہر کیا ہے کہ ٹیلی کام سیکٹر میںے کسی بھی قسم کی غیر قانونی سرگرمی کو پنپنے نہیں دیا جائے گا ۔