خلائی سفر

خلائی سفر نے پاکستانی بچوں میں خلا باز بننے کی نئی امنگ جگا دی

اسلام آباد: پاکستانی خلا باز محمد ذیشان علی کے حالیہ چینی مشن کے ساتھ خلائی سفر نے ملک بھر کے بچوں کو انتہائی گہرائی سے متاثر کیا ہے ۔ اسلام آباد کے پاکستان چائنا فرینڈ شپ سینٹر میں قائم کردہ کہکشاں مشن کنٹرول سینٹر میں بچوں اور خاندانوں کا اجمام دیکھا جا رہا ہے جہاں وہ نہ صرف خلائی سائنس سے آگاہی حاصل کر رہے ہیں بلکہ خلا باز بننے کے خواب بھی دیکھ رہے ہیں ۔ وزارت اطلاعات و نشریات کے تعاون سے لگائے جانے والے اس خصوصی مرکز میں جدید ٹیکنالوجی سے لیس معلومات فراہم کی جا رہی ہیں ۔

ذرائع کے مطابق اس منفرد مرکز کا افتتاح 25 نومبر کو کیا گیا تھا جو 28 نومبر تک عوام کے لیے بھرپور طریقے سے کھلا رہا ۔ اس دوران ہزاروں طلبا اور شہریوں نے مرکز کا دورہ کیا اور سیٹلائٹس کی کارکردگی اور خلائی مشنز کے بارے میں اہم معلومات حاصل کیں ۔ بچوں نے خلائی تحقیق کے شعبے میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا اور مستقبل میں پاکستان کا نام روشن کرنے کے عزم کا اعادہ بھی کیا ۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ اس قسم کے تعلیمی اور سائنسی اقدامات نوجوان نسل میں سائنس اور ٹیکنالوجی کے تئیں رجحان بڑھانے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں ۔ اس کامیاب نمائش کے بعد ملک کے دیگر شہروں میں بھی ایسے معلوماتی مراکز قائم کرنے کے مطالبات سامنے آ رہے ہیں تاکہ زیادہ سے زیادہ طلبا جدید سائنسی علوم سے مستفید ہو سکیں ۔

حکومت اور متعلقہ اداروں کا عزم ہے کہ ملک میں سائنسی اور خلائی ٹیکنالوجی کے فروغ کے لیے ایسے معلوماتی پروگرام مستقبل میں بھی جاری رکھے جائیں گے ۔ ذیشان علی کی اس تاریخی کامیابی نے ثابت کر دیا ہے کہ پاکستانی نوجوان خلائی تحقیق کے میدان میں کسی سے پیچھے نہیں ہیں اور وہ دنیا بھر میں ملک کا پرچم بلند کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں ۔