اسلام آباد: پاکستان کی جانب سے پٹرولیم شعبے میں ایک بڑی پیش رفت سامنے آئی ہے جہاں ملک میں ریفائنری اپ گریڈ منصوبوں کے تحت تقریبا 5.7 ارب ڈالر کی بھاری سرمایہ کاری کی جارہی ہے۔ اے ڈی این نیوز کی رپورٹ کے مطابق اس اہم حکومتی فیصلے کا مقصد ملکی سطح پر ایندھن کی پیداوار میں اضافہ کرنا اور درآمدی بل میں کمی لانا ہے۔ تیل اور گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) کی جانب سے جاری کردہ ایک اہم دستاویز میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ اس منصوبے سے ملک کی پانچ بڑی آئل ریفائنریز کو جدید خطوط پر استوار کیا جائے گا۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ ریفائنری اپ گریڈ کے اس جامع پروگرام سے نہ صرف ملکی توانائی کی ضروریات کو پورا کرنے میں مدد ملے گی بلکہ طویل عرصے میں ملکی معیشت پر بھی مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔ موجودہ دور میں توانائی کے بڑھتے ہوئے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے یہ انتہائی ضروری قدم ہے کیونکہ پاکستان اپنی توانائی کی ضروریات کا ایک بڑا حصہ درآمدات کے ذریعے پورا کرتا ہے۔ ان جدید کاری کے منصوبوں کی تکمیل کے بعد ملکی سطح پر تیل کی ریفائننگ کی صلاحیت میں دگنا اضافہ ہو جائے گا۔
اوگرا کے اعداد و شمار کے مطابق ان اپ گریڈز کے نتیجے میں ملک میں پٹرول کی یومیہ پیداوار موجودہ 10,702 ٹن سے بڑھ کر حیرت انگیز طور پر 21,251 ٹن تک پہنچ جائے گی۔ اس کے ساتھ ہی ہائی اسپیڈ ڈیزل کی پیداوار میں بھی لگ بھگ 47 فیصد تک نمایاں اضافہ متوقع ہے جو کہ ملکی ٹرانسپورٹ اور زرعی شعبے کے لیے انتہائی سودمند ثابت ہوگا۔ مقامی سطح پر ایندھن کی وافر دستیابی سے قیمتوں کے استحکام میں بھی مدد ملے گی اور عام صارف کو براہ راست ریلیف حاصل ہوگا۔
حکومتیحکاماور متعلقہ اداروں کی جانب سے اس منصوبے پر عمل درآمد کے لیے تمام ضروری قانونی اور تکنیکی امور کو تیزی سے حتمی شکل دی جا رہی ہے۔ اس بات کو یقینی بنایا جا رہا ہے کہ تمام بین الاقوامی معیاروں کو مدنظر رکھتے ہوئے ان پلانٹس کی استعداد کار میں اضافہ کیا جائے۔ معاشی تجزیہ کاروں نے اس اقدام کو پاکستان کے صنعتی اور توانائی کے شعبے کے لیے ایک گیم چنجر قرار دیا ہے جو آنے والے برسوں میں ملک کو خود کفالت کی منزل کے قریب تر لے جائے گا۔