اسلام آباد: مصنوعی ذہانت کے شعبے میں دنیا بھر میں معروف ادارے اوپن اے آئی ڈیوائسز کی تیاری کے حوالے سے ایک نئے تنازع کی زد میں آ گئی ہے ، جہاں کمپنی نے دعویٰ کیا ہے کہ حریف ٹیکنالوجی جائنٹ ایپل مینوفیکچرنگ سپلائرز پر دباؤ ڈال رہا ہے۔
موصولہ اطلاعات کے مطابق ایپل کی جانب سے سپلائرز کو اس بات پر مجبور کیا جا رہا ہے کہ وہ اوپن اے آئی کے آنے والے جدید ترین مصنوعی ذہانت کے آلات کے پراجیکٹس سے کنارہ کشی اختیار کریں یا اپنے کام کو محدود کر دیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ کشمکش اس وقت شروع ہوئی جب اوپن اے آئی نے ہارڈ ویئر مارکیٹ میں قدم رکھنے کا فیصلہ کیا ، جس سے روایتی ٹیک کمپنیوں میں اس بات کا خوف پیدا ہو گیا ہے کہ اسمارٹ فونز اور ڈیجیٹل ڈیوائسز کی مارکیٹ میں مقابلہ مزید سخت ہو جائے گا۔
ٹیکنالوجی کے ماہرین کے مطابق ایپل کی یہ مبینہ حکمت عملی مارکیٹ میں اپنی اجارہ داری قائم رکھنے اور نئے حریفوں کو آگے بڑھنے سے روکنے کی ایک کوشش ہوسکتی ہے ، تاہم اس معاملے پر باضابطہ قانونی کارروائی کا امکان بھی ظاہر کیا جا رہا ہے۔
دوسری جانب اوپن اے آئی کے اعلیٰ عہدیداروں نے اس صورتحال پر سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اسے کاروباری مسابقت کے اصولوں کے منافی قرار دیا ہے ، اور امید ظاہر کی ہے کہ سپلائی چین کے معاملات جلد حل ہو جائیں گے۔
آنے والے دنوں میں اس تنازع کے ٹیکنالوجی انڈسٹری پر گہرے اثرات مرتب ہو سکتے ہیں کیونکہ دونوں بڑی کمپنیاں مصنوعی ذہانت کی دنیا میں اپنی برتری قائم کرنے کے لیے ہر ممکن قدم اٹھا رہی ہیں۔