اسلام آباد: امریکی پابندیوں کے باوجود چین میں اینویڈیا کی چپس کی فروخت کا انکشاف ہوا ہے جس نے عالمی سطح پر ٹیکنالوجی کی دنیا میں ہلچل مچا دی ہے۔ بین الاقوامی میڈیا اور مقامی ذرائع کے مطابق واشنگٹن کی جانب سے سخت ترین تجارتی پابندیوں اور برآمدی کنٹرول کے باوجود چینی مارکیٹوں میں مصنوعی ذہانت سے لیس جدید ترین ہارڈویئر کی رسائی بدستور جاری ہے۔
چین کے معروف شہر شینزن کی معروف الیکٹرانکس مارکیٹ میں کیے گئے ایک حالیہ سروے اور تحقیقی رپورٹ سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ نام نہاد بلیک مارکیٹ اور غیر اعلانیہ ذرائع کے ذریعے جدید ترین سیمی کنڈکٹرز باآسانی دستیاب ہیں۔ امریکی حکام کی جانب سے دنیا بھر میں یہ دعویٰ کیا جاتا ہے کہ چین تک جدید ٹیکنالوجی کی رسائی کو مکمل طور پر روک دیا گیا ہے مگر زمینی حقائق اس کے بالکل برعکس نظر آتے ہیں۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ شینزن کی ان مارکیٹوں میں خریداروں کو اے آئی سے متعلقہ انتہائی طاقتور پرزہ جات بغیر کسی بڑی رکاوٹ کے مہیا کیے جا رہے ہیں۔ ان مصنوعات کی اسمگلنگ اور خفیہ سپلائی چینز اتنی مضبوط ہیں کہ دنیا کی بڑی بڑی انٹیلی جنس ایجنسیاں اور تجارتی نگران ادارے بھی ان کی مکمل روک تھام میں تحال ناکام ثابت ہوئے ہیں۔
امریکی حکومت نے چند ماہ قبل ہی چینی مصنوعی ذہانت کے شعبے کو کمزور کرنے کے لیے سخت ترین احکامات جاری کیے تھے تاکہ کوئی بھی کمپنی یا تیسرا فریق چین کو جدید ترین چپ فروخت نہ کر سکے۔ تاہم عالمی تجارتی نیٹ ورک کی پیچیدگیوں اور متبادل راستوں کی موجودگی نے ان پابندیوں کو کاغذی کارروائی تک محدود کر دیا ہے۔
تجزیہ کاروں کا ماننا ہے کہ ٹیکنالوجی کی اس جنگ میں چین نے اپنی اندرونی ضروریات پوری کرنے کے لیے متبادل راستے تلاش کر لیے ہیں جو اس بات کا ثبوت ہیں کہ یکطرفہ پابندیاں ہمیشہ موثر ثابت نہیں ہوتیں۔ آنے والے دنوں میں اس انکشاف کے بعد واشنگٹن اور بیجنگ کے درمیان تجارتی کشیدگی میں مزید اضافے کا قوی امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔