کے فور پروجیکٹ

کے فور پروجیکٹ میں ایک بار پھر تاخیر، نئی مدت مقرر

اسلام آباد: کراچی کے انتہائی اہم اور طویل عرصے سے التوا کا شکار کے فور پروجیکٹ کی تکمیل کی مدت میں ایک بار پھر توسیع کر دی گئی ہے جس کے بعد اب اس منصوبے کے جون 2027ء تک مکمل ہونے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے ۔ قومی اسمبلی کی ذیلی کمیٹی برائے آبی وسائل کے حالیہ اجلاس میں واپڈا حکام نے منصوبے کی نئی ٹائم لائن پیش کی ہے ۔

اجلاس کے دوران ارکانِ پارلیمنٹ نے منصوبے میں بار بار ہونے والی تاخیر پر شدید برہمی کا اظہار کیا اور متعلقہ حکام سے اس کی وجوہات پر جواب طلبی کی ۔ اراکین کا کہنا تھا کہ کراچی جیسے بڑے شہر کو پینے کے پانی کی فراہمی کے اس اہم منصوبے میں اس قدر تاخیر عوامی مفاد کے خلاف ہے اور اس سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔

واپڈا کے اعلیٰ حکام نے کمیٹی کے ارکان کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ کے فور پروجیکٹ کے ڈیزائن میں کچھ پیچیدگیاں حائل ہوئیں جن کی وجہ سے ابتدائی اہداف کا حصول ممکن نہیں ہو سکا تھا ۔ حکام کا کہنا تھا کہ اب تمام تکنیکی اور انتظامی امور کو حل کر کے کام کو تیز کر دیا گیا ہے تاکہ مقررہ مدت میں اسے پایہ تکمیل تک پہنچایا جا سکے ۔

ذرائع کے مطابق ذیلی کمیٹی کے اراکین نے واضح کیا کہ پانی کی فراہمی کے اس منصوبے پر کڑی نظر رکھی جائے گی تاکہ مزید تاخیر سے بچا جا سکے ۔ کمیٹی نے ہدایت کی ہے کہ واپڈا اور دیگر متعلقہ ادارے باقاعدگی سے پیش رفت رپورٹ جمع کروائیں تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جا سکے کہ کے فور پروجیکٹ پر کام مقررہ شیڈول کے مطابق جاری ہے اور فنڈز کا شفاف استعمال ہو رہا ہے ۔