کراچی: کراچی میں سپنج پارک کا قیام عمل میں لایا گیا ہے جو بارش کے پانی کو ضائع ہونے سے بچانے کے حوالے سے ایک تاریخی قدم ہے۔ شہر قائد میں پانی کی شدید قلت کے باعث جہاں عام شہریوں کو روزمرہ کی ضروریات پوری کرنے میں شدید مشکلات کا سامنا ہے، وہیں بارشوں کے دوران قیمتی پانی نکاسی آب کے فرسودہ نظام کے ذریعے ضائع ہو کر سمندر میں چلا جاتا ہے۔ اس سنگین مسئلے سے نمٹنے کے لیے اب شہر کے ایک مقامی علاقے میں منفرد نوعیت کا منصوبہ شروع کر دیا گیا ہے جو آنے والے دنوں میں دوسرے علاقوں کے لیے بھی مشعلِ راہ ثابت ہوگا۔
فیڈرل بی ایریا کے گلبرگ ٹاؤن میں واقع جمالی پارک کو پاکستان کا پہلا سپنج پارک ہونے کا اعزاز حاصل ہو رہا ہے۔ یہاں بارش کے پانی کو جمع کرنے، اسے قدرتی طریقوں سے فلٹر کرنے اور زمین میں جذب کرنے کے لیے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔ ماہرین کا ماننا ہے کہ اس جدید نظام کی بدولت نہ صرف زیر زمین پانی کی سطح کو بہتر بنانے میں مدد ملے گی بلکہ طوفانی بارشوں کے دوران سڑکوں پر پانی جمع ہونے کی دیرینہ شکایت کا بھی مستقل ازالہ ہو سکے گا۔
اس اہم منصوبے کے حوالے سے مقامی رہائشیوں نے بھی خوشی کا اظہار کیا ہے اور متعلقہ اداروں کے اس اقدام کو سراہا ہے۔ علاقے کے رہائشی سید توقیر حسین نے اس پیش رفت کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس نوعیت کے فلاحی اقدامات سے نہ صرف ماحولیاتی بہتری آتی ہے بلکہ شہری زندگی میں پانی کی دستیابی کے مسائل بھی کم ہوتے ہیں۔ انہوں نے بین الاقوامی اور مقامی اداروں کے کردار کی بھی تعریف کی جنہوں نے اس ماحول دوست منصوبے کو عملی جامع پہنانے میں اپنا کلیدی کردار ادا کیا۔
ماہرینِ ماحولیات کا کہنا ہے کہ کراچی جیسے بڑے اور پھیلتے ہوئے شہروں کے لیے اس قسم کے سپنج پارکس وقت کی اہم ضرورت بن چکے ہیں۔ موسمیاتی تبدیلیوں کے باعث غیر یقینی بارشوں کا سلسلہ بڑھ رہا ہے، جس سے نمٹنے کے لیے روایتی طریقوں کے بجائے جدید اور پائیدار حل اپنانے کی اشد ضرورت ہے۔ اس کامیابی کے بعد اب یہ امید کی جا رہی ہے کہ حکومت اور شہری ادارے دیگر پارکس میں بھی اس ماڈل کو نافذ کریں گے تاکہ زیادہ سے زیادہ بارش کے پانی کو محفوظ بنایا جا سکے اور شہر کو پانی کے بحران سے نکالا جا سکے۔