اسلام آباد ایکسائز

اسلام آباد ایکسائز کی نئی پابندی سے پنجاب کے خریداروں کو مشکلات کا سامنا

اسلام آباد: اسلام آباد ایکسائز کی جانب سے آن لائن معائنہ کی سہولت غیر اعلانیہ طور پر معطل کیے جانے کے بعد پنجاب کے رہائشیوں کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ ذرائع کے مطابق پنجاب سے تعلق رکھنے والے ایسے شہری جو وفاقی دارالحکومت میں رجسٹرڈ گاڑیاں خریدتے ہیں ، اب انہیں لازمی طور پر اسلام آباد ایکسائز آفس کا سفر کرنا پڑ رہا ہے۔ اس اچانک تبدیلی کی وجہ سے خریداروں کو گاڑیوں کے فزیکل انسپیکشن اور ملکیت کی منتقلی کے عمل میں شدید پریشانی کا سامنا ہے کیونکہ پہلے یہ سہولت صوبہ پنجاب کے نامزد کردہ ضلعی دفاتر میں میسر تھی۔

ماضی میں اسلام آباد کی حدود سے باہر رہنے والے شہریوں کی سہولت کے لیے آن لائن اور ڈسٹرکٹ لیول پر فزیکل انسپیکشن کا نظام کامیابی سے چل رہا تھا جس سے وقت اور وسائل کی بڑی بچت ہوتی تھی۔ اب اس سہولت کے خاتمے کے بعد گاڑیوں کی خرید و فروخت کا عمل کافی سست روی کا شکار ہو چکا ہے اور دور دراز کے علاقوں بالخصوص پنجاب کے مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے خریداروں کو محض معائنے کے لیے کئی کلومیٹر کا سفر طے کرکے وفاقی دارالحکومت آنا پڑ رہا ہے۔

شہریوں اور آٹوموبائل مارکیٹ کے تاجروں نے اس صورتحال پر سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ عوام کی سہولت کے لیے فوری طور پر آن لائن معائنے کے اس نظام کو دوبارہ بحال کیا جائے۔ ان کا کہنا ہے کہ اس طرح کی اچانک پابندیوں سے نہ صرف دفاتر میں رش بڑھتا ہے بلکہ عام شہریوں کا قیمتی وقت بھی ضائع ہوتا ہے جبکہ حکومتی اداروں کو بھی انتظامی دباؤ کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

دوسری جانب محکمہ ایکسائز کے حکام کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ یہ قدم شفافیت کو یقینی بنانے اور گاڑیوں کی رجسٹریشن کے ریکارڈ میں کسی بھی قسم کی گڑبڑ کو روکے جانے کے لیے اٹھایا گیا ہے۔ تاہم شہریوں کا اصرار ہے کہ اگر اس نظام میں بہتری لانی بھی مقصدی تھی تو اس کا متبادل فراہم کیے بغیر اچانک سہولت ختم کرنا کسی بھی طور پر مناسب اقدام نہیں ہے۔ توقع کی جا رہی ہے کہ اعلیٰ حکام اس معاملے کا جلد نوٹس لیں گے تاکہ گاڑیوں کی منتقلی کے عمل کو دوبارہ آسان بنایا جا سکے۔