اسلام آباد: یونان کشتی حادثہ کے حوالے سے وفاقی تحقیقاتی ایجنسی ایف آئی اے کے ایک سینیئر افسر نے پارلیمانی کمیٹی کے اجلاس میں انتہائی حیران کن اور دل دہلا دینے والا انکشاف کیا ہے۔ ایک بیٹا سمندر کی نذر ہونے اور اس کی لاش ملنے یا نہ ملنے کا غم اپنی جگہ ایک بڑا سانحہ تھا ، لیکن اس کہانی کا سب سے المناک باب اب سامنے آیا ہے جہاں انصاف کے تقاضے پس پشت ڈال دیے گئے ہیں۔
پاکستان کی پارلیمانی کمیٹی کے اجلاس کے دوران بتایا گیا کہ یونان کشتی حادثہ میں اپنے جوان بچوں کو کھونے والے بعض بدقسمت خاندانوں نے انسانی سمگلروں کے خلاف عدالتوں اور تھانوں میں درج کروائے گئے مقدمات خود ہی واپس لے لیے ہیں۔ اس اقدام کے پیچھے کوئی صلح یا معافی کا جذبہ نہیں تھا ، بلکہ اس کے پیچھے ایک خوفناک مجرمانہ نفسیات کارفرما تھی جو انسانی جانوں سے کھیلنے کا ہنر جانتی ہے۔
تفصیلات کے مطابق انسانی سمگلروں نے ان غم زدہ والدین کو اس بات کی یقین دہانی کروائی تھی کہ اگر وہ مقدمات واپس لے لیں گے تو ان کے خاندان کے دوسرے بچوں کو بحفاظت یورپ بھجوا دیا جائے گا۔ جن درندہ صفت لوگوں کے ہاتھوں پہلا بیٹا سمندر کی لہروں کی نذر ہوا اور موت کے منہ میں دھکیلا گیا ، انہی مجرموں پر ایک بار پھر بھروسہ کرتے ہوئے لواحقین نے اپنے ہی بچوں کے خون کا سودا کر لیا۔
ماہرین قانون اور انسانی حقوق کے علمبرداروں نے اس صورتحال پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ ریاست اور معاشرے کی ناکامی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ جب تک انسانی سمگلروں کے خلاف سخت ترین قانونی کارروائی عمل میں نہیں لائی جاتی اور ریاست خود مدعی بن کر ایسے سفاک عناصر کو کیفر کردار تک نہیں پہنچاتی ، اس طرح کے مکروہ دھندے جاری رہیں گے۔
ایف آئی اے کے حکام کا کہنا ہے کہ اس حساس معاملے کی از سر نو تحقیقات کی جا رہی ہیں تاکہ ان تمام عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لایا جا سکے جو مجبور اور غریب خاندانوں کی مجبوریوں کا فائدہ اٹھا کر قانون کے ساتھ کھلواڑ کر رہے ہیں۔ پارلیمانی کمیٹی نے بھی اس حوالے سے متعلقہ اداروں کو سخت ہدایات جاری کی ہیں کہ متاثرہ خاندانوں کو سکیورٹی فراہم کی جائے تاکہ وہ خوف آزاد ہو کر انصاف کے حصول میں مدد فراہم کر سکیں۔