کراچی: وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ ہمیں تقسیم کی نہیں متحد ہونے کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار عالمی کلچر فیسٹیول کی پروقار اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر صوبائی وزرا ، نامور فنکار ، دانشور اور معاشرے کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی اہم شخصیات کثیر تعداد میں موجود تھیں ۔
مراد علی شاہ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مزید کہا کہ سندھ کی دھرتی صوفیا کرام ، امن ، محبت اور بھائی چارے کا گہوارہ رہی ہے ۔ یہاں کے باسیوں نے ہمیشہ رواداری اور یانگ یگانگت کا درس دیا ہے ۔ موجودہ ملکی حالات اس بات کا تقاضا کرتے ہیں کہ ہم سب ذاتی اور گروہی اختلافات کو پس پشت ڈال کر ایک قوم بن جائیں ۔
وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ ثقافتی تقریبات کے انعقاد سے معاشرے میں مثبت سوچ کو فروغ ملتا ہے ۔ ایسے فیسٹیول ہمارے نوجوانوں کو منفی سرگرمیوں سے دور رکھنے اور مثبت سرگرمیوں کی طرف راغب کرنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں ۔ حکومت سندھ فن اور ثقافت کی ترقی کے لیے ہر ممکنہ اقدامات جاری رکھے گی ۔
انہوں نے کہا کہ دنیا بھر سے آئے ہوئے فنکاروں نے کراچی میں اپنے فن کا مظاہرہ کر کے یہ ثابت کر دیا ہے کہ یہ شہر امن کا گہوارہ ہے ۔ اس طرح کے بین الاقوامی میل جول سے بین الثقافتی ہم آہنگی کو فروغ ملتا ہے جو کہ دنیا بھر میں امن کے قیام کے لیے ناگزیر ہے ۔
اختتامی تقریب کے دوران مختلف ثقافتی پرفارمنس بھی پیش کی گئیں جنہیں حاضرین کی طرف سے بے حد سراہا گیا ۔ شرکاء نے حکومت سندھ کی جانب سے اس شاندار ثقافتی میلے کے انعقاد پر انتظامیہ کو خراج تحسین پیش کیا ۔ تقریب کے آخر میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے فنکاروں میں اعزازی شیلڈز اور انعامات تقسیم کیے گئے ۔