اسلام آباد: بنگلادیش میں انسانیت سوز اور دل دہلا دینے والا ایک ایسا افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے جہاں معذور بیٹے کا انتقال ہونے کے بعد جیل میں قید سیاسی کارکن ماں کو اپنے لختِ جگر کا آخری دیدار کرنے کے لیے محض دو منٹ کا وقت دیا گیا۔ یہ دردناک خبر جیسے ہی سوشل میڈیا پر آئی ، دنیا بھر کے انسانی حقوق کے علمبرداروں اور عام شہریوں کی آنکھیں نم ہو گئیں۔
موصول ہونے والی تفصیلات کے مطابق بنگلادیشی میڈیا نے اس واقعے کو انتہائی لرزہ خیز قرار دیا ہے جہاں سیاسی بنیادوں پر عوامی لیگ سے وابستگی کے الزام میں ایک خاتون کو گرفتار کر کے جیل منتقل کیا گیا تھا۔ دورانِ حراست اس خاتون کا پندرہ سالہ معذور بیٹا شدید علالت کے بعد اس دارِ فانی سے کوچ کر گیا ، جو اپنی زندگی کی آخری سانسوں تک اپنی ماں سے ملنے کے لیے تپتا رہا۔
بچے کی آخری خواہش یہی تھی کہ وہ ایک بار اپنی ماں کو دیکھ سکے لیکن ریاستی مشینری اور جیل انتظامیہ کا دل نہ پسیجا۔ جب معذور بیٹے کا انتقال ہوا تو لواحقین نے بڑی منت سماجت کے بعد قیدی والدہ کو جنازے میں شرکت یا آخری دیدار کی درخواست کی۔ انتظامیہ نے طویل تاخیر اور ہچکچاہٹ کے بعد انتہائی سخت سیکیورٹی حصار میں والدہ کو صرف دو منٹ کے لیے اپنے بیٹے کے جسدِ خاکی کے پاس جانے کی اجازت دی۔
صرف ایک سو بیس سیکنڈز کے اس مختصر دورانیے میں ماں نے اپنے جوان اور معذور بیٹے کے کفن میں لپٹے چہرے کو دیکھا اور بے ساختہ پھوٹ پھوٹ کر رو پڑی۔ جیل کے باہر موجود افراد اور پولیس اہلکار بھی اس رقت آمیز منظر کو دیکھ کر اپنے آنسو نہ روک سکے۔ دو منٹ ختم ہوتے ہی سیکیورٹی اہلکاروں نے ماں کو زبردستی لاش سے الگ کر کے واپس قیدیوں والی گاڑی میں بٹھا دیا۔
سماجی رابطوں کی ویب سائٹس پر اس واقعے کی تصاویر اور ویڈیوز وائرل ہونے کے بعد شدید عوامی ردعمل سامنے آ رہا ہے۔ انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیموں نے اس واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے قیدیوں کے بنیادی انسانی حقوق کی سنگین پامالی قرار دیا ہے۔ عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ سیاسی انتقام کی آگ میں اس حد تک نہیں گرنا چاہیے کہ ماں اور بیٹے کے آخری مقدس رشتے کو بھی احترام نہ دیا جائے۔
ماہرینِ قانون کا کہنا ہے کہ دنیا کے کسی بھی مہذب قانون میں قیدیوں کے لیے ایسے ظالمانہ اور غیر انسانی ضابطے نہیں ہونے چاہئیں جو کسی ماں کو اس کے بچے کے جنازے پر رونے یا دعائے مغفرت کرنے کا بنیادی حق بھی چھین لیں۔ اس واقعے نے ایک بار پھر عدائتی رویوں اور حکومتی بے حسی پر سوالیہ نشان کھڑے کر دیے ہیں جن کا جواب دینے سے متعلقہ حکام گریزاں ہیں۔