اسلام آباد: کیش لیس اسلام آباد منصوبہ پاکستان کی ڈیجیٹل معیشت کی طرف ایک تاریخی قدم ہے جس کے تحت ملک کے دارالحکومت کو جدید خطوط پر استوار کیا جا رہا ہے۔ پاکستان کے وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے اعلان کیا ہے کہ اسلام آباد کو اکتیس دسمبر دو ہزار چھبیس تک پاکستان کا پہلا مکمل کیش لیس شہر بنا دیا جائے گا جہاں ریڑھی والے سے لے کر فائیو سٹار ہوٹل تک تمام ادائیگیاں صرف بینک کارڈز اور موبائل ایپلیکیشنز کے ذریعے ہوا کریں گی۔ حکومت کی جانب سے یہ اقدام ملک میں مالیاتی شفافیت کو فروغ دینے اور معیشت کو ڈیجیٹل بنیادوں پر کھڑا کرنے کے لیے اٹھایا جا رہا ہے۔
منصوبے کے پہلے مرحلے کے تحت یکم دسمبر سے اسلام آباد کیپیٹل ٹیریٹری انتظامیہ اور سی ڈی اے کے تمام دفاتر میں نقد ادائیگیاں وصول کرنے کا سلسلہ مکمل طور پر بند کر دیا جائے گا۔ اس کے ساتھ ساتھ شہر بھر کے تمام چھوٹے بڑے تاجروں اور دکان داروں کو ڈیجیٹل ادائیگیوں کے جدید نظام سے منسلک کرنے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر ہدف مقرر کیے گئے ہیں تاکہ عام شہریوں کو بھی اس نظام کا عادی بنایا جا سکے۔ ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ محکمے اس تبدیلی کو آسان بنانے کے لیے تاجر برادری اور شہریوں کو مکمل تکنیکی معاونت اور آگاہی فراہم کر رہے ہیں۔
معاشی ماہرین کا کہنا ہے کہ کیش لیس معیشت کا سب سے بڑا فائدہ یہ ہے کہ ہر مالی لین دین کا مستند ڈیجیٹل ریکارڈ باآسانی موجود رہ سکتا ہے۔ اس ڈیجیٹل ریکارڈنگ سے تمام کاروباری سرگرمیوں کو دستاویزی شکل دینے ، ٹیکس چوری کی نشاندہی کرنے ، سرکاری آمدن میں نمایاں اضافے اور مالیاتی نظام میں شفافیت کو بہتر بنانے میں بہت زیادہ مدد مل سکتی ہے۔ پاکستان جیسے ترقی پذیر ملک میں جہاں معیشت کا ایک بڑا حصہ دستاویزی دائرہ کار سے باہر ہے ، اس نوعیت کے اقدامات ملکی معیشت کو مضبوط بنانے میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں۔
اس حوالے سے ایک اور اہم فائدہ کرپشن اور غیر قانونی مالیاتی لین دین میں نمایاں کمی کی صورت میں سامنے آسکتا ہے کیونکہ نقد رقم کے استعمال کے خاتمے سے کرپشن کے راستے خود بخود بند ہو جاتے ہیں۔ تاہم اس کے ساتھ ساتھ کئی چیلنجز بھی موجود ہیں جن میں انٹرنیٹ کی سست رفتار ، ڈیجیٹل سکیورٹی کے مسائل اور عوام میں ڈیجیٹل شعور کی کمی شامل ہیں۔ اس منصوبے کی کامیابی کا انحصار اس بات پر ہے کہ حکومت ان تمام رکاوٹوں کو کتنی جلدی اور مؤثر طریقے سے دور کرتی ہے تاکہ عام آدمی کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرناپڑے اور ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہو سکے۔