اسلام آباد: دفاعی ٹیکنالوجی کی دنیا میں ایک انقلابی پیش رفت کے طور پر نیا برطانوی جنگی طیارہ ٹیمپیسٹ تیزی سے تیار کیا جا رہا ہے ، جسے فضائی جنگی تاریخ کا آخری پائلٹ والا لڑاکا جہاز قرار دیا جا رہا ہے۔ برطانوی فضائیہ کے اعلی حکام کے مطابق اس جدید ترین طیارے میں جدید ترین مصنوعی ذہانت یعنی اے آئی کا استعمال کیا جائے گا جو روایتی فضائی جنگ کے اصولوں کو یکسر بدل کر رکھ دے گا۔
برطانوی فضائیہ کے سربراہ سر ہارو سمتھ کا کہنا ہے کہ آنے والے دور میں بغیر پائلٹ کے چلنے والے ڈرونز اور خودکار سسٹمز کی جنگ میں یہ طیارہ انسانوں کے زیر اثر آخری پائلٹ والا جنگی پلیٹ فارم ثابت ہوگا۔ ٹیمپیسٹ نامی اس جدید پروجیکٹ پر اس وقت تیزی سے کام جاری ہے جس کا مقصد مستقبل کے فضائی میدان جنگ میں برتری حاصل کرنا ہے۔ اس پروجیکٹ میں برطانیہ کے علاوہ دیگر اتحادی ممالک بھی تکنیکی تعاون فراہم کر رہے ہیں۔
ماہرین کے مطابق یہ طیارہ بیک وقت متعدد کام انجام دینے کی صلاحیت رکھتا ہو گا جن میں دشمن کے ریڈار کو دھوکہ دینا ، خودکار انداز میں حملے کے فیصلے کرنا اور پائلٹ کی جسمانی و ذہنی تھکن کو مدنظر رکھتے ہوئے پرواز کے دوران معاونت فراہم کرنا شامل ہے۔ مصنوعی ذہانت پر مبنی یہ نظام پائلٹ کو ایک سیکنڈ کے ہزارویں حصے میں اہم ترین فیصلے کرنے میں مدد دے گا جو کسی بھی فضائی معرکے میں فتح اور شکست کا فرق ثابت ہو سکتا ہے۔
یہ لڑاکا طیارہ نہ صرف جدید ترین ہتھیاروں سے لیس ہوگا بلکہ اس میں ایسی اسٹیلتھ ٹیکنالوجی بھی شامل کی جا رہی ہے جو اسے دشمن کے دفاعی حصار میں مکمل طور پر غائب رکھنے میں مددگار ہوگی۔ روایتی جنگی طیاروں کے مقابلے میں اس کی اڑان بھرنے کی صلاحیت اور دفاعی نظام انتہائی پیچیدہ اور خودکار نوعیت کے ہوں گے جو جدید جنگی تقاضوں سے ہم آہنگ ہیں۔
دفاعی تجزیہ کاروں کا ماننا ہے کہ ٹیمپیسٹ جیسے طیاروں کی تیاری کے بعد مستقبل کی جنگیں روایتی پائلٹس کے بغیر لڑی جائیں گی ، اور یہی وجہ ہے کہ اس منصوبے کو عسکری تاریخ کا ایک سنگ میل قرار دیا جا رہا ہے۔ برطانوی فضائیہ اس منصوبے کو وقت پر مکمل کرنے کے لیے پرعزم ہے تاکہ دفاعی میدان میں اپنی برتری کو ہندسوں اور ٹیکنالوجی کی دنیا میں ہمیشہ برقرار رکھا جا سکے۔