بلاول بھٹو کا بیان

بلاول بھٹو کا بیان غلط رنگ دینے کی سازش ناکام ہو گی ، پیپلز پارٹی

اسلام آباد: پیپلز پارٹی یورپ کے سینئر رہنما افتخار بلو بٹ نے کہا ہے کہ چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو کا بیان کو بعض سیاسی عناصر کی جانب سے جان بوجھ کر غلط رنگ دیا جا رہا ہے تاکہ عوامی سطح پر غلط فہمیاں پھیلائی جا سکیں۔ فرانس سے جاری اپنے ایک اہم بیان میں انہوں نے واضح کیا کہ پارٹی قیادت کے ارادوں کو مسخ کرنے کی گھناؤنی سازش کی جا رہی ہے جس کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں ہے۔

افتخار بلو بٹ کا کہنا تھا کہ پاکستان پیپلز پارٹی ہمیشہ سے ملک میں آئینی بالادستی ، جمہوریت کے استحکام اور عوام کے بنیادی حقوق کی محافظ رہی ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ چیئرمین بلاول بھٹو کا حالیہ بیان ملک کے موجودہ نظام میں بہتری اور اصلاحات کے تناظر میں تھا لیکن مخالفین نے سیاسی پوائنٹ سکورنگ کے لیے اس کا مفہوم ہی بدل ڈالا۔ انہوں نے کہا کہ ایسے ہتھکنڈے ماضی میں بھی ناکام ہوئے ہیں اور اب بھی عوام حقائق سے بخوبی آگاہ ہیں۔

پیپلز پارٹی یورپ کے رہنما نے مزید کہا کہ بیرون ملک مقبیم پاکستانی اور جیالے اپنی قیادت کے ساتھ چٹان کی طرح کھڑے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مشکل اقتصادی اور سیاسی حالات کے اس دور میں ملک کو انتشار کی نہیں بلکہ اتحاد اور یگانگت کی اشد ضرورت ہے۔ بلاول بھٹو ہمیشہ مثبت سیاست اور قومی مفاہمت کے فروغ کے لیے کوشاں رہے ہیں اور ان کے بیانات کو توڑ مروڑ کر پیش کرنا سیاسی بددیانتی کی واضح مثال ہے۔

انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پیپلز پارٹی ملک کو درپیش چیلنجز سے نکالنے کے لیے تمام جمہوری قوتوں کو ساتھ لے کر آگے بڑھتی رہے گی۔ کارکنان کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ مخالفین کے پروپیگنڈے پر دھیان نہ دیں اور پارٹی کے پیغام کو گھر گھر پہنچائیں۔ آخر میں انہوں نے مطالبہ کیا کہ قومی میڈیا اور سیاسی حلقوں کو ذمہ دارانہ رویہ اپنانا چاہیے تاکہ ملک میں غیر ضروری خلفشار اور غلط فہمیوں کا خاتمہ ہو سکے اور جمہوری عمل بلا تعطل جاری رہ سکے۔