اسلام آباد: ایپل پے پاکستان میں دسمبر کے اوائل میں باضابطہ طور پر لانچ کیے جانے کا امکان ہے ، جس سے ملک کے ڈیجیٹل مالیاتی نظام میں ایک بڑا انقلاب برپا ہوگا۔ ذرائع کے مطابق اس جدید ترین ڈیجیٹل پیمنٹ سروس کو ملک میں متعارف کرانے کے لیے تمام تیاریاں حتمی مراحل میں داخل ہو چکی ہیں۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق پاکستان کے تقریبا چھ بڑے کمرشل بینک اس سروس کا حصہ بنیں گے ، جو صارفین کو اپنے آئی فون اور دیگر ایپل ڈیوائسز کے ذریعے براہ راست ادائگیاں کرنے کی سہولت فراہم کریں گے۔ یہ قدم ملک میں کیش لیس معیشت کے فروغ اور ڈیجیٹل بینکنگ کے رجحان کو مزید مستحکم کرنے میں اہم کردار ادا کرے گا۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ ایپل پے پاکستان میں آنے سے بین الاقوامی سطح کی محفوظ اور تیز رفتار ڈیجیٹل ٹرانزیکشنز کا آغاز ہوگا ، جس سے آن لائن کاروبار اور ای کامرس کے شعبے کو بھی نمایاں فروغ ملے گا۔ پاکستانی صارفین طویل عرصے سے اس عالمی سروس کے منتظر تھے اور اب اس کے حتمی اجراء کی خبر نے ٹیک حلقوں میں زبردست جوش و خروش پیدا کر دیا ہے۔
ح متعلقہ ریگولیٹری اداروں اور بینکوں کے مابین تکنیکی معاملات اور سکیورٹی پروٹوکولز پر کام تیزی سے جاری ہے تاکہ لانچ کے وقت صارفین کو کسی بھی قسم کی دشواری کا سامنا نہ ہو۔ متوقع طور پر دسمبر کے پہلے ہفتے میں اس سروس کی دستیابی کا باضابطہ اعلان کر دیا جائے گا ، جس کے بعد پاکستانی صارفین بھی دنیا کے دیگر ترقی یافتہ ممالک کی طرح اپنے موبائل کے ذریعے بغیر کسی کارڈ کے شاپنگ اور بلز کی ادائیگی کر سکیں گے۔