انتھروپک کمپنی

انتھروپک کمپنی تاریخ ساز آئی پی او کے بعد 1.6 ٹریلین ڈالر مالیت تک پہنچ گئی

اسلام آباد: دنیا بھر کی معروف مصنوعی ذہانت کی علمبردار تنظیم انتھروپک کمپنی نے تاریخ کے سب سے بڑے آئی پی او کے بعد اپنے پہلے کاروباری ہفتے کا اختتام ایک اعشاریہ چھ ٹریلین ڈالر کیشاندار مالیت کے ساتھ کیا ہے۔ اے ڈی این نیوز کے مطابق اس حیرت انگیز مالیاتی سنگ میل کے بعد اب صرف چھ امریکی کمپنیاں ایسی ہیں جن کی مارکیٹ ویلیو انتھروپک سے زیادہ ہے۔ اس کامیابی نے عالمی ٹیکنالوجی اور مالیاتی منڈیوں میں ایک نئی بحث چھڑ دی ہے اور سرمایہ کاروں کا رجحان اے آئی انڈسٹری کی طرف تیزی سے بڑھ رہا ہے۔

جمعہ کے روز اختتام پر اس کمپنی کے شیئرز ننانوے ڈالر کے قریب بند ہوئے جو کہ اس دن کے دوران آٹھ عشاریہ پانچ فیصد کم ریکارڈ کیے گئے۔ اس معمولی کمی کی وجہ سے جمعرات کے روز ہونے والے شاندار ڈیبیو کے سترہ فیصد اضافے کا لگ بھگ نصف حصہ واپس چلا گیا لیکن اس کے باوجود اسٹاک مارکیٹ میں کمپنی کی پوزیشن انتہائی مستحکم رہی ہے۔ معاشی تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ ابتدائی ہفتے میں اس طرح کے اتار چڑھاؤ معمول کا حصہ ہوتے ہیں اور انتھروپک کی یہ کارکردگی مستقبل کے لیے انتہائی روشن اور امید افزا ہے۔

ٹیکنالوجی کے شعبے میں اس وقت ایپل، مائیکروسافٹ، الفابیٹ، این ویڈیا، ایمیزون اور اسپیس ایکس جیسی بڑی کمپنیاں ہی انتھروپک سے مارکیٹ ویلیو میں اوپر ہیں۔ یہ تمام ادارے عالمی معیشت اور ٹیکنالوجی کی دنیا میں فیصلہ کن کردار ادا کر رہے ہیں اور اب ان کی صف میں اس نئی اے آئی کمپنی کا شامل ہونا اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ مصنوعی ذہانت کا مستقبل انتہائی طاقتور اور وسیع تر ہونے والا ہے۔ ماہرین کا ماننا ہے کہ آنے والے دنوں میں اس کمپنی کی مارکیٹ کیپٹلائزیشن میں مزید بڑا اضافہ دیکھنے کو مل سکتا ہے۔

اس بڑے مالیاتی دھماکے نے دنیا بھر کے سرمایہ کاروں کو اپنی طرف متوجہ کر لیا ہے جو مستقبل کی ٹیکنالوجی میں اپنی رقوم لگارہے ہیں۔ انتھروپک کی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ وہ اپنے صارفین کو جدید ترین اور محفوظ ترین مصنوعی ذہانت کی خدمات فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہیں اور ان کے پاس ترقی کا ایک جامع لائحہ عمل موجود ہے۔ اس نوعیت کی کامیابیاں نہ صرف کاروباری دنیا بلکہ عام زندگی میں بھی ٹیکنالوجی کے نفاذ کو تیز تر کر دیں گی اور نئی راہیں روشن کریں گی۔