اسلام آباد: عوامی نیشنل پارٹی کے سربراہ ایمل ولی خان نے واضح کیا ہے کہ پشتون ، بلوچ اور سندھی کسی بھی صورت میں اپنی زمین کی تقسیم قبول نہیں کریں گے۔ انہوں نے ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال پر گہرے تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی اکائیوں کے حقوق پر کسی قسم کا ڈاکہ ڈالنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
اپنے ایک بیان میں اے این پی کے سربراہ کا کہنا تھا کہ تاریخی خطے اور ان کی جغرافیای حدود صدیوں پر محیط ہیں جنہیں بدلنے کی کوئی بھی سازش کامیاب نہیں ہونے دی جائے گی۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ تمام محکوم قومیں اپنے وسائل اور زمین کے تحفظ کے لیے متحد ہو چکی ہیں اور وہ اپنی شناخت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گی۔
ایمل ولی خان نے مزید کہا کہ ملک کو درپیش بحرانوں کا حل آئین کی بالادستی اور پارلیمنٹ کی حقیقی نمائندگی میں پوشیدہ ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر زبردستی فیصلے مسلط کرنے کا سلسلہ بند نہ کیا گیا تو عوامی ردعمل انتہائی شدید ہو سکتا ہے جس کی تمام تر ذمہ داری اقتدار کے ایوانوں میں بیٹھے نادان حکمرانوں پر عائد ہوگی۔
انہوں نے کارکنان پر زور دیا کہ وہ عوامی حقوق کے تحفظ کے لیے پرامن جدجہد جاری رکھیں اور کسی بھی غیر منصفانہ حکومتی اقدام کے خلاف بھرپور آواز اٹھائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ صوبائی خودمختاری اور قومی حقوق کے حصول تک اے این پی اپنی جدجہد سے پیچھے نہیں ہٹے گی اور تمام اتحادی قوتوں کو ساتھ لے کر چلیں گے۔