اسلام آباد: بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق میانمار میں حملے کے دوران سکیورٹی فورسز کی جانب سے ایک شادی کی تقریب اور اسکول کو سفاکانہ فضائی نشانہ بنایا گیا ، جس کے نتیجے میں خواتین اور بچوں سمیت کم از کم 30 افراد جاں بحق ہو گئے ہیں۔ اس دلخراش واقعے نے ایک بار پھر خطے میں انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں پر سوالیہ نشان کھڑے کر دیے ہیں اور عالمی برادری کی توجہ اس المیے کی طرف مبذول کرائی ہے۔
رپورٹس کے مطابق اس وحشیانہ کارروائی میں متعدد شہری شدید زخمی بھی ہوئے ہیں جنہیں قریبی اسپتالوں میں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔ اسپتال ذرائع کے مطابق کئی زخمیوں کی حالت انتہائی نازک ہے جس کی وجہ سے ہلاکتوں میں مزید اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔ مقامی شہریوں اور عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ حملے کے وقت تقریب میں بڑی تعداد میں عام شہری موجود تھے اور اسکول کے اطراف بھی معمول کی سرگرمیاں جاری تھیں۔ اچانک ہونے والی اس بمباری سے علاقے میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا اور امدادی کاموں میں بھی شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
میانمار میں جاری خانہ جنگی اور فوجی حکمرانی کے خلاف اٹھنے والی آوازوں کو دبانے کے لیے اس طرح کی کارروائیوں میں روز بروز اضافہ ہو رہا ہے۔ انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیموں نے اس المناک واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے اور اسے جنگی جرائم کے مترادف قرار دیا ہے۔ تنظیموں کا کہنا ہے کہ عام شہریوں ، اسکولوں اور تقریبات کو نشانہ بنانا بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہے جس پر فوری طور پر نوٹس لیا جانا چاہیے۔
دوسری طرف مقامی عوام اور متاثرہ خاندانوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ اس ظالمانہ کارروائی کی فوری اور شفاف تحقیقات کروائی جائیں۔ ان کا کہنا ہے کہ مععصوم شہریوں کا خون بہانے والے عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے تاکہ انصاف کے تقاضے پورے ہو سکیں۔ عالمی برادری بالخصوص اقوام متحدہ سے بھی پرزور اپیل کی گئی ہے کہ وہ میانمار میں انسانی حقوق کی بحالی اور شہریوں کے تحفظ کے لیے عملی اقدامات کرے تاکہ اس طرح کے المناک واقعات کا سدباب کیا جا سکے۔