لاہور: لاہور میں پنجابی انسٹیٹیوٹ آف لینگویج آرٹ اینڈ کلچر پلاک کے زیر اہتمام جاری چوتھی عالمی پنجابی کانفرنس کے شرکا اور مندوبین نے زور دار مطالبہ کیا ہے کہ مادری زبان کے فروغ کے لیے اسے لازمی کیا جائے۔
کانفرنس کے دوران پاکستان، انڈیا اور دنیا کے دیگر ممالک سے تشریف لانے والے نامور ادیبوں، محققین اور طلبہ نے اس بات پر گہرے دکھ کا اظہار کیا کہ خطے کی سب سے بڑی زبان کو اس کا جائز مقام نہیں مل رہا۔
مقررین کا کہنا تھا کہ جب تک انڈین پنجاب کی طرز پر پاکستانی پنجاب کے اسکولوں اور سرکاری دفاتر میں پنجابی زبان کو سرکاری حیثیت اور تدریسی درجہ نہیں دیا جاتا، اس زبان کے فروغ کی کوششیں بارآور ثابت نہیں ہو سکتیں۔
عالمی پنجابی کانفرنس کے سیشنز میں اس بات پر بھی روشنی ڈالی گئی کہ نئی نسل کو اپنی تاریخی اور ثقافتی جڑوں سے جوڑنے کا واحد راستہ یہی ہے کہ ابتدائی تعلیم مادری زبان میں فراہم کی جائے۔
ماہرین تعلیم اور دانشوروں نے حکومت سے پرزور اپیل کی ہے کہ وہ اس سنگین غفلت کا نوٹس لے اور فوری طور پر پالیسی سازی کرتے ہوئے تعلیمی اداروں میں پنجابی کی تدریس کو یقینی بنائے۔
کانفرنس کے اختتام پر ایک متفقہ اعلامیہ جاری کیے جانے کا امکان ہے جس میں مطالبہ کیا جائے گا کہ ادبی و ثقافتی تقریبات کو سرکاری سطح پر بھرپور سرپرستی فراہم کی جائے تاکہ مادری زبانیں زندہ رہ سکیں۔