اسلام آباد: معرکہ حق میں عبرتناک شکست کے بعد بھارتی حکومت ایک بار پھر بوکھلاہٹ کا شکار ہو چکی ہے اور اب اس نے ثقافتی محاذ پر پاکستانی فن اور ثقافت کو نشانہ بنانا شروع کر دیا ہے ۔ تازہ ترین اطلاعات کے مطابق مودی سرکار نے مختلف آن لائن اسٹریمنگ پلیٹ فارمز پر پاکستانی سیریز اور شوبز مواد کی نمائش روکنے کے لیے غیر اعلانیہ اقدامات اٹھانا شروع کر دیے ہیں ۔ پاکستان سے میدان جنگ میں ناکام ہونے کے بعد اب مودی سرکار شدید ڈر اور خوف میں مبتلا دکھائی دیتی ہے ۔
ذرائع کے مطابق بھارتی حکام نے نام نہاد قومی سلامتی اور تعصب پر مبنی سوچ کے تحت ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کو ہدایات جاری کی ہیں کہ وہ پاکستانی ڈراموں اور فلموں کی رسائی کو محدود کریں ۔ یہ اقدام اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ پاکستان کے ثقافتی اور فنکارانہ مواد کی مقبولیت سے بھارتی ایوانوں میں خوف کی لہر دوڑ گئی ہے ۔ دنیا بھر میں پاکستانی فنکاروں اور پروڈکشنز کو ملنے والی پذیرائی سے بھارتی حکومت کا سیاسی اور سفارتی بیانیہ بری طرح پٹ چکا ہے ۔
مودی سرکار کی جانب سے اسٹریمنگ پلیٹ فارمز پر اس قسم کی پابندیاں لگانے کی کوششیں دراصل اس کی تنگ نظر پالیسیوں کا منہ بولتا ثبوت ہیں ۔ پاکستان کے فنکاروں اور شوبز انڈسٹری نے ہمیشہ اپنی بہترین پرفارمنس سے بین الاقوامی سطح پر ملک کا نام روشن کیا ہے ۔ بھارتی حکومت اس حقیقت کو تسلیم کرنے سے قاصر ہے کہ بہترین کہانی اور لازوال اداکاری سرحدوں کی محتاج نہیں ہوتی اور ناظرین ہمیشہ معیاری کام کو ہی سراہتے ہیں ۔
ڈیجیٹل میڈیا کے ماہرین کا کہنا ہے کہ اس طرح کے ہتھکنڈوں سے پاکستانی سیریز کی مقبولیت کو کم نہیں کیا جا سکتا ۔ انٹرنیٹ کے اس دور میں جہاں معلومات اور تفریح کی رسائی ہر خاص و عام تک ہے ، ایسی پابندیاں محض کاغذی کارروائی اور ذہنی شکست کی علامت ہیں ۔ پاکستانی عوام اور دنیا بھر میں بسنے والے اردو شائقین نے بھارتی حکومت کے اس تعصب پسند رویے کی شدید مذمت کی ہے اور اسے آرٹ دشمنی قرار دیا ہے ۔
یہ امر بھی قابل ذکر ہے کہ اس سے قبل بھی بھارت نے کئی بار پاکستانی فنکاروں اور ثقافتی وفود پر قدغنیں لگانے کی کوشش کی لیکن ہر بار ناکامی کا منہ دیکھنا پڑا ۔ موجودہ حالات میں جب بھارت ہر محاذ پر سفارتی تنہائی کا شکار ہے ، اس طرح کی اوچھی حرکتیں اس کے جمہوری ہونے کے دعووں کی قلعی کھول دیتی ہیں ۔ پاکستان کی شوبز انڈسٹری اس قسم کے دباؤ کی پروا کیے بغیر مزید بلندیاں چھونے کے لیے پرعزم ہے اور تخلیقی سفر پوری آب و تاب کے ساتھ جاری رہے گا ۔