عمان کے قریب

عمان کے قریب سمندری بارودی سرنگوں سے ٹکرا کر دو آئل ٹینکرز میں آگ لگ گئی

اسلام آباد: عمان کے قریب سمندری بارودی سرنگوں سے ٹکرا کر دو بڑے آئل ٹینکرز میں خوفناک دھماکوں کے بعد شدید آگ لگ گئی ہے ، جس نے خطے میں سکیورٹی خدات کو مزید بڑھا دیا ہے۔ بین الاقوامی اور ایرانی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ خلیجِ عمان کے قریب پیش آیا جہاں سمندر میں موجود بارودی سرنگیں ناگہانی تباہی کا سبب بنیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ حادثے کا شکار ہونے والے دونوں آئل ٹینکرز تیل کی ترسیل میں مصروف تھے کہ اچانک ان کا رخ نامعلوم بارودی سرنگوں کی طرف ہو گیا اور ٹکر کے نتیجے میں شدید دھماکے سنے گئے۔

ایرانی میڈیا کی ابتدائی اطلاعات کے مطابق دھماکوں کی شدت اتنی زیادہ تھی کہ دونوں آئل ٹینکرز میں فوراً ہی آگ بھڑک اٹھی اور دیکھتے ہی دیکھتے شعلوں نے بحری جہازوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ آگ لگنے کے بعد جہازوں پر سوار عملے کی جان بچانے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر امدادی کارروائیاں شروع کر دی گئی ہیں۔ علاقائی میری ٹائم اتھارٹیز اور ریسکیو ٹیمیں فوری طور پر جائے وقوعہ کی طرف روانہ کر دی گئی ہیں تاکہ متاثرہ عملے کو بحفاظت نکالا جا سکے اور لگنے والی اس خوفناک آگ پر قابو پایا جا سکے۔

ابھی تک اس بات کی تصدیق نہیں ہو سکی ہے کہ یہ بارودی سرنگیں کس نے اور کس مقصد کے لیے بچھائی تھیں ، تاہم اس واقعے نے بین الاقوامی بحری تجارت اور تیل کی سپلائی لائن کو شدید خطرے میں ڈال دیا ہے۔ مشرق وسطیٰ کے اس اہم سمندری راستے پر پیش آنے والے اس حادثے کے بعد عالمی سطح پر تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے۔ توانائی کے ماہرین کا ماننا ہے کہ اس نوعیت کے واقعات سے عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں پر براہِ راست اثر پڑ سکتا ہے اور میری ٹائم سکیورٹی کو مزید سخت کرنے کی ضرورت محسوس کی جا رہی ہے۔

حالات کی نزاکت کو دیکھتے ہوئے خطے کے تمام متعلقہ ممالک کے بحری نگہبان ادارے انتہائی چوکس ہو گئے ہیں اور سمندری حدود میں سکیورٹی سخت کر دی گئی ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ اس واقعے کی شفاف بین الاقوامی تحقیقات کروائی جانی چاہئیں تاکہ ذمہ داروں کا تعین کیا جا سکے اور مستقبل میں ایسے ناخوشگوار واقعات کی روک تھام کو یقینی بنایا جا سکے۔ ریسکیو آپریشن تاحال جاری ہے اور جیسے ہی مزید تفصیلات سامنے آئیں گی ، انہیں میڈیا کے ساتھ شیئر کیا جائے گا۔