اسلام آباد: فیڈرل بورড آف ریونیو نے ملک بھر کے تمام بین الاقوامی ہوائی اڈوں پر ڈیوٹی کے دوران بدعنوانی ، غیر قانونی رقوم کی وصولی اور سمگلنگ کی مبینہ سہولت کاری میں ملوث کسٹم عملے کے خلاف سخت کارروائی کا آغاز کر دیا ہے ۔ ذرائع کے مطابق محکمہ کی جانب سے ملک کے مختلف ائیرپورٹس پر تعینات بیس کسٹم افسران اور ملازمین کو باقاعدہ سزائیں دی جا چکی ہیں جن سے ادارے میں کرپٹ عناصر کے خلاف بڑے کریک ڈاؤن کا واضح اشارہ ملتا ہے ۔
تفصیلات کے مطابق گزشتہ تین سال کے دوران ہوائی اڈوں پر تعینات کسٹم عملے کے خلاف مجموعی طور پر پینتالیس انکوائریاں کھولی گئی تھیں جن میں افسران پر اختیارات کے ناجائز استعمال اور بدعنوانی کے سنگین الزامات عائد کیے گئے تھے ۔ ان انکوائریوں کی مکمل جانچ پڑتال اور شفاف تحقیقات کے بعد بیس افسران اور دیگر ملازمین کو مختلف سزائیں دی گئی ہیں تاکہ محکمے میں میرٹ اور قانون کی حکمرانی کو یقینی بنایا جا سکے ۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وفاقی ادارے کی جانب سے انکوائری کے عمل کو مزید سخت اور شفاف بنایا جا رہا ہے تاکہ کسی بھی سطح پر مسافروں کو ہراساں کرنے یا غیر قانونی کارروائیوں کا حصہ بننے والے عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لایا جا سکے ۔ حالیہ کارروائیوں کا مقصد ائیرپورٹس پر کسٹم کے نظام کو مکمل طور پر شفاف بنانا اور اسمگلنگ کے تمام راستوں کو مؤثر انداز میں بند کرنا ہے ۔
ملک کے اہم ہوائی اڈوں پر کسٹم حکام کی کارکردگی اور نگرانی کے نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے بھی خصوصی اقدامات کیے جا رہے ہیں تاکہ کسی بھی قسم کی غیر قانونی سرگرمی کو فوری طور پر روکا جا سکے ۔ متعلقہ حکام کا کہنا ہے کہ محکمے میں کادشی اور بدعنوان عناصر کے لیے کوئی گنجائش نہیں ہے اور آئندہ بھی ایسے افراد کے خلاف بلا امتياز کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی ۔