سائبر سیفٹی گائیڈ

سائبر سیفٹی گائیڈ کا اجراء، بزرگ شہریوں کو آن لائن فراڈ سے بچانے کا فیصلہ

اسلام آباد: نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی ( این سی سی آئی اے ) کی جانب سے بزرگ شہریوں کی حفاظت کے لیے ایک جامع سائبر سیفٹی گائیڈ جاری کی گئی ہے تاکہ انہیں بڑھتے ہوئے آن لائن فراڈ سے محفوظ رکھا جا سکے۔

موجودہ دور میں ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کے بڑھتے ہوئے استعمال کے ساتھ ہی آن لائن جرائم میں بھی تشویشناک حد تک اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے۔ بالخصوص معمر افراد اور بزرگ شہری ان ڈیجیٹل دھوکہ دہی کا سب سے زیادہ شکار بن رہے ہیں کیونکہ وہ جدید ٹیکنالوجی کی پیچیدگیوں سے اتنے آگاہ نہیں ہوتے۔

نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی ( این سی سی آئی اے ) کے اعلیٰ حکام کا کہنا ہے کہ اس نئی گائیڈ لائنز کا بنیادی مقصد بزرگ شہریوں کو انٹرنیٹ کے محفوظ استعمال کے حوالے سے بنیادی معلومات فراہم کرنا ہے۔ اس کے ذریعے وہ اپنی ذاتی اور مالی معلومات کو آن لائن فراڈ سے بچا سکتے ہیں۔

اس خصوصی رہنما خطوط میں آن لائن بینکنگ فراڈ ، جعلی کالز ، فشنگ لنکس اور نامعلوم افراد کی طرف سے بھیجے جانے والے مشکوک پیغامات سے بچنے کے آسان طریقے بتائے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ بزرگ افراد کو یہ بھی سکھایا گیا ہے کہ وہ اپنے پاس ورڈز کی حفاظت کیسے کریں اور کسی بھی نا خوشگوار واقعے کی صورت میں کہاں رابطہ کریں۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ اس نوعیت کے اقدامات معاشرے کے کمزور طبقات کو تحفظ فراہم کرنے میں انتہائی اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ ڈیجیٹل خواندگی میں اضافے سے نہ صرف جرائم کی شرح میں کمی آئے گی بلکہ بزرگ شہری بھی خود کو زیادہ محفوظ محسوس کریں گے۔

حکومت اور متعلقہ اداروں نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ عوام کے ڈیجیٹل حقوق کے تحفظ کے لیے ایسے اقدامات کا سلسلہ جاری رہے گا اور سائبر کرائمز میں ملوث عناصر کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔