اسلام آباد: نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی نے شہریوں کی سہولت کے لیے ایک جدید سائبر کرائم ایپ متعارف کرا دی ہے جس کا مقصد ملک بھر میں بڑھتے ہوئے ڈیجیٹل جرائم کی روک تھام اور متاثرین کو فوری انصاف فراہم کرنا ہے۔ اس نئی ڈیجیٹل سروس کے ذریعے اب عوام کسی بھی پولیس اسٹیشن یا دفتر کے چکر لگائے بغیر گھر بیٹھے اپنی شکایات درج کروا سکیں گے اور اپنے کیسز کی رئیل ٹائم ٹریکنگ بھی کر سکیں گے۔
حالیہ کچھ سالوں میں انٹرنیٹ کے استعمال میں ہوشربا اضافہ ہوا ہے جس کے ساتھ ہی آن لائن جرائم اور دھوکہ دہی کے واقعات میں بھی تیزی آئی ہے۔ اسی تناظر میں وفاقی حکومت اور متعلقہ اداروں نے عامتہ الناس کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے یہ اہم قدم اٹھایا ہے تاکہ ڈیجیٹل اسپیس کو مزید محفوظ بنایا جا سکے۔
نئی متعارف کردہ اس ایپلیکیشن کے دائرہ کار میں مختلف نوعیت کے سنگین جرائم کو شامل کیا گیا ہے۔ شہری اس پلیٹ فارم کے توسط سے آن لائن مالیاتی فراڈ ، ڈیجیٹل ہراسانی ، سوشل میڈیا اکاؤنٹس کی ہیکنگ ، واٹس ایپ کی چوری اور بلیک میلنگ جیسے معاملات کی رپورٹنگ باآسانی کر سکتے ہیں۔
اس کے علاوہ جعلی لنکس کے ذریعے شہریوں کو دھوکہ دینے والے عناصر اور فیک کالز کے ذریعے ذاتی معلومات چرانے والے جعل سازوں کے خلاف بھی اس نظام کے تحت فوری کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ اسمارٹ فون صارفین اس ایپلی کیشن کو باآسانی اپنے موبائل فونز میں ڈاؤن لوڈ کر سکتے ہیں اور مطلوبہ معلومات فراہم کر کے اپنی شکایت درج کرا سکتے ہیں۔
ایجنسی کے اعلیٰ حکام کا کہنا ہے کہ اس نظام کے نفاذ سے شکایات کے اندراج اور ان پر کارروائی کے طریقہ کار میں نمایاں بہتری آئے گی۔ کیسز کی فوری نوعیت کو دیکھتے ہوئے متعلقہ تفتیشی افسران کو ہدایات جاری کی گئی ہیں تاکہ متاثرہ افراد کو کم سے کم وقت میں ریلیف فراہم کیا جا سکے۔
ماہرین کا ماننا ہے کہ ٹیکنالوجی کے اس دور میں اس قسم کے اقدامات وقت کی اہم ضرورت ہیں کیونکہ روایتی طریقوں سے ڈیجیٹل جرائم کا سراغ لگانا کافی مشکل ہوتا ہے۔ اس ایپ کے آنے سے نہ صرف شکایات کا نظام شفاف ہوگا بلکہ مجرموں تک پہنچنے میں بھی مدد ملے گی۔
حکومت کی جانب سے شہریوں پر زور دیا گیا ہے کہ وہ آن لائن سیکیورٹی کے حوالے سے احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور کسی بھی مشکوک سرگرمی یا فراڈ کی صورت میں فوری طور پر اس نئی سہولت کا استعمال کریں تاکہ بروقت کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔