اسلام آباد: امریکہ اور چین کی اہم انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر قانون نافذ کرنے والے اداروں نے ایک بڑے کارروائی کرتے ہوئے ڈارک ویب ڈیٹا لیک اسکینڈل میں ملوث مرکزی ملزم کو حویل میں لے لیا ہے۔ ملزم پر الزام ہے کہ وہ بین الاقوامی سطح پر انتہائی خفیہ اور حساس نوعیت کا ڈیٹا غیر قانونی طور پر فروخت کرنے کی گھناؤنی سرگرمیوں میں ملوث تھا اور اس کے تار بیرون ملک سے بھی جڑے ہوئے تھے۔
ابتدائی تفتیش کے مطابق گرفتار ہونے والا پاکستانی شہری ٹیلیگرام اور مختلف دیگر خفیہ آن لائن پلیٹ فارمز کا استعمال کرتا تھا۔ وہ ان ذرائع سے مختلف حساس اداروں اور شخصیات کا نجی ڈیٹا حاصل کرنے کے بعد اسے ڈارک ویب پر بولی لگا کر فروخت کرتا تھا۔ اس مکروہ دھندے سے ملزم نہ صرف ملکی سلامتی کو نقصان پہنچا رہا تھا بلکہ غیر قانونی ذرائع سے بھاری مالی فوائد بھی حاصل کر رہا تھا جس کے شواہد تفتیشی ٹیم کے ہاتھ لگ چکے ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ملزم انتہائی چالاکی کے ساتھ اپنی شناخت چھپا کر انٹرنیٹ کی دنیا میں متحرک تھا اور سکیورٹی اداروں کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کے لیے متعدد فرضی اکاؤنٹس استعمال کرتا تھا۔ تاہم جدید ڈیجیٹل فارنزک ٹیکنالوجی اور عالمی اداروں کے بروقت تعاون کی بدولت اس کے ڈیجیٹل نقشِ قدم کا سراغ لگا لیا گیا جس کے بعد اس کے فرار ہونے کے تمام راستے بند کر دیے گئے۔
واضح رہے کہ یہ پہلا موقع نہیں ہے کہ مذکورہ شخص قانون کے شکنجے میں آیا ہو۔ اس سے قبل بھی اسے ڈیٹا چوری اور غیر قانونی لیکس کے ایک سنگین مقدمے میں گرفتار کیا گیا تھا تاہم وہ قانونی کارروائی کے دوران عدالت سے ضمانت حاصل کرنے میں کامیاب ہو گیا تھا اور ضمانت پر رہائی کے بعد دوبارہ اپنے اس غیر قانونی پیشے سے وابستہ ہو گیا تھا۔
ملزم کی گرفتاری کے بعد تفتیشی اداروں نے اس کے تمام ڈیجیٹل آلات، لیپ ٹاپس اور موبائل فونز کو قبضے میں لے کر فرانزک کے لیے بھجوا دیا ہے۔ ماہرین کا ماننا ہے کہ اس کے موبائل اور کمپیوٹر کا ڈیٹا نکلنے کے بعد مزید اہم انکشافات متوقع ہیں اور اس گھناؤنے نیٹ ورک میں ملوث دیگر مقامی اور بین الاقوامی سہولت کاروں کے چہرے بھی جلد بے نقاب ہو جائیں گے۔
حکام کا کہنا ہے کہ سائبر کرائم اور ڈیجیٹل سکیورٹی کے امور پر اب پہلے سے کہیں زیادہ سخت نگرانی کی جا رہی ہے تاکہ مستقبل میں اس قسم کی کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے مؤثر انداز میں نمٹا جا سکے۔ وفاقی وزارت داخلہ اور متعلقہ سکیورٹی اداروں نے اس کامیاب آپریشن پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے عزم ظاہر کیا ہے کہ ملکی سلامتی کو نقصان پہنچانے والے عناصر کے ساتھ آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا اور سائبر کرائم کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکا جائے گا۔