اسلام آباد: بچوں کا جنسی استحصال کے خلاف امریکہ میں ایک خفیہ آپریشن کے دوران 280 سے زائد افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔ اس کارروائی میں ڈزنی اور یونیورسل سٹوڈیوز کے ملازمین بھی شامل ہیں، جو فلوریڈا کے تھیم پارکس میں کام کرتے ہیں۔
پوک کاؤنٹی شیرف آفس کے مطابق، یہ آپریشن ‘پوک اراؤنڈ اینڈ فائنڈ آؤٹ ٹو’ کے نام سے جانا جاتا ہے، جس کی قیادت فلوریڈا کے حکام نے کی۔ اس سات روزہ آپریشن کا مقصد غیر قانونی اور تجارتی جنسی سرگرمیوں کے لیے بچوں سے ملنے کی غرض سے سفر کرنے والے ملزمان کو نشانہ بنانا تھا۔
حکام نے بتایا کہ اس آپریشن کے دوران 488 الزامات کے تحت 281 افراد کو گرفتار کیا گیا، جن میں 198 سنگین جرائم شامل ہیں۔ ان ملزمان پر مجموعی طور پر پہلے سے 798 مجرمانہ الزامات تھے۔ مزید یہ کہ 24 ملزموں کے پاس آتشیں اسلحہ تھا اور 32 پر منشیات رکھنے کا الزام عائد کیا گیا۔
فلوریڈا کے اٹارنی جنرل جیمز اوتھ نے اس کارروائی کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ بچوں کا جنسی استحصال ایک سنگین مسئلہ ہے جس کے خلاف سختی سے کارروائی کی جانی چاہیے۔ یہ آپریشن اس بات کا ثبوت ہے کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے اس مسئلے کے خلاف سنجیدہ ہیں اور اس کے خاتمے کے لیے ہر ممکن کوشش کریں گے۔