سکھر شہر میں کبڈی کے مقابلے، سندھ کی ٹیم کی شاندار فتح

سکھر: سکھر شہر میں کبڈی کے مقابلے کا انعقاد حکومتِ سندھ کے محکمہ کھیل و امورِ نوجوانان کے زیرِ اہتمام کیا گیا۔ یہ دو روزہ تقریب سکھر کے نمائش گراؤنڈ میں منعقد ہوئی، جس میں سندھ اور پنجاب کی ٹیموں نے بھرپور شرکت کی۔ فائنل مقابلے میں سندھ کی ٹیم نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کامیابی حاصل کی اور شیرِ سندھ کی ٹرافی اپنے نام کرلی۔

تقریب کے مہمانِ خصوصی محکمہ کھیل و امورِ نوجوانان سندھ کے سیکریٹری منور علی مہیسر تھے۔ اس موقع پر ڈپٹی ڈائریکٹر اسپورٹس میر محمد، آرگنائزر اور یونین کونسل کے چیئرمین اظہر علی اعوان، ڈسٹرکٹ اسپورٹس آفیسر اخلاق میمن سمیت دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔ مقابلوں کے اختتام پر کامیاب کھلاڑیوں میں ٹرافیاں اور نقد انعامات تقسیم کیے گئے۔

کبڈی کے مقابلے دیکھنے کے لیے سکھر، خصوصاً پرانے سکھر کے شہریوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ اس موقع پر مقامی فنکاروں نے لوک موسیقی پیش کرکے حاضرین سے خوب داد وصول کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سیکریٹری کھیل منور علی مہیسر نے کہا کہ ایسے مقابلوں کے انعقاد کا مقصد روایتی کھیلوں کو فروغ دینا، نوجوانوں کو صحت مند سرگرمیوں کی جانب راغب کرنا اور سندھ کے ثقافتی ورثے کو محفوظ بنانا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ روایتی کھیلوں کے فروغ سے نوجوانوں میں کھیلوں کا شوق پیدا ہوگا اور علاقائی ثقافت کو اجاگر کرنے میں مدد ملے گی۔ اس طرح کے مقابلے نہ صرف کھلاڑیوں کی صلاحیتوں کو نکھارنے کا موقع فراہم کرتے ہیں بلکہ یہ نوجوانوں میں صحت مند مقابلے کی روح بھی پیدا کرتے ہیں۔