نئی دہلی: بھارتی دارالحکومت نئی دہلی میں موسلا دھار بارش کے باعث اندرا گاندھی انٹرنیشنل ایئرپورٹ جھیل کا منظر پیش کرنے لگا، جہاں ٹرمینل اور داخلی راستوں پر پانی جمع ہونے سے فلائٹ آپریشن شدید متاثر ہوا ہے۔
شدید بارش کے سبب حدِ نگاہ کم ہونے اور رن وے پر پانی کی آمد کے بعد نئی دہلی آنے والی 11 پروازوں کو متبادل ہوائی اڈوں کی طرف موڑ دیا گیا۔ حکام کے مطابق 5 پروازوں کو جے پور، 4 کو لکھنؤ جبکہ ایک، ایک پرواز کو احمد آباد اور چنڈی گڑھ منتقل کیا گیا۔
سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایئرپورٹ کے داخلی دروازوں اور لاؤنجز میں گھٹنوں تک پانی موجود ہے، جہاں مسافر اپنے سامان کی ٹرالیاں پانی میں کھینچنے پر مجبور ہیں۔ ایئرپورٹ پر پھنسے مسافروں نے انتظامیہ کے ناقص انتظامات پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے صورتحال کو واٹر پارک سے تشبیہ دی ہے۔
محکمہ موسمیات (IMD) نے شہر میں مسلسل بارشوں کے پیشِ نظر یلو الرٹ جاری کر رکھا ہے، جس میں نشیبی علاقوں اور انڈر پاسز میں شدید اربن فلڈنگ کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔ دوسری جانب دہلی کے مختلف گنجان آباد علاقوں اور اہم شاہراہوں پر بھی بدترین ٹریفک جام دیکھنے میں آ رہا ہے۔