اسلام آباد: مہنگائی کی چکی میں پسی عوام کے لیے ایک اور بری خبر سامنے آئی ہے۔ نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے ملک بھر کے لیے ماہانہ اور سہ ماہی فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی مزید مہنگی کرنے کی منظوری دے دی ہے۔
نیپرا کے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق جولائی 2026 کی ماہانہ ایڈجسٹمنٹ کے تحت بجلی 2 روپے 6 پیسے فی یونٹ مہنگی کی گئی ہے۔ اس اضافے کا نفاذ ستمبر کے بلوں میں کیا جائے گا، جس سے صارفین پر 33 ارب روپے سے زائد کا اضافی مالی بوجھ پڑے گا۔ اس فیصلے کا اطلاق کے الیکٹرک کے صارفین پر بھی ہوگا۔
دوسری جانب، نیپرا نے اپریل تا جون 2026 کی سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کا فیصلہ بھی وفاقی حکومت کو ارسال کر دیا ہے، جس کے تحت بجلی 52 پیسے فی یونٹ مزید مہنگی ہوگی۔ سہ ماہی اضافے کا اطلاق ستمبر سے نومبر 2026 تک 3 ماہ کے لیے کے الیکٹرک سمیت تمام صارفین پر ہوگا، جس کے نتیجے میں عوام کو مزید 12 ارب 67 کروڑ روپے ادا کرنا پڑیں گے۔