ایل بی ڈبلیو آؤٹ پر امپائر پر بیٹ سے حملہ، ملزم 36 سال بعد گرفتار

بھارت کے شہر ممبئی میں پولیس نے کرکٹ میچ کے دوران ایل بی ڈبلیو آؤٹ قرار دیے جانے پر امپائر پر مبینہ طور پر کرکٹ بیٹ سے حملہ کرنے والے 55 سالہ شخص کو 36 سال بعد گرفتار کرلیا۔پولیس کے مطابق یہ واقعہ 1990 میں بوریولی میں کھیلے جانے والے ایک کرکٹ ٹورنامنٹ کے دوران پیش آیا تھا۔ میچ کے دوران اوم پرکاش پاسی نامی بلے باز کو امپائر نے ایل بی ڈبلیو آؤٹ قرار دیا، جس پر وہ شدید غصے میں آگیا۔رپورٹ کے مطابق آؤٹ دیے جانے کے فیصلے پر بلے باز نے امپائر سے بحث شروع کردی اور معاملہ شدت اختیار کرنے کے بعد مبینہ طور پر کرکٹ بیٹ سے امپائر کے سر پر حملہ کردیا۔ واقعے کے بعد ملزم موقع سے فرار ہوگیا اور کئی دہائیوں تک پولیس کی گرفت سے باہر رہا۔پولیس نے طویل عرصے تک ملزم کی تلاش جاری رکھی، تاہم اس کا سراغ نہیں مل سکا۔ 36 سال بعد پولیس کو ملزم کے بارے میں اہم معلومات ملیں، جس کے بعد کارروائی کرتے ہوئے اسے گرفتار کرلیا گیا۔پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم کی گرفتاری ایک طویل عرصے سے زیرِ التوا مقدمے میں اہم پیش رفت ہے۔ واقعے کے وقت کرکٹ کے ایک فیصلے پر مشتعل ہوکر مبینہ طور پر تشدد کرنے والا شخص اب کئ دہائیوں بعد قانون کی گرفت میں آگیا ہے۔
واقعے نے کرکٹ کے میدان میں غصے اور جذبات پر قابو نہ رکھنے کے سنگین نتائج کو ایک بار پھر اجاگر کردیا ہے۔