پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کی فاسٹ بولر ایمن انور نے فوری طور پر انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے مطابق ایمن انور نے کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کے بعد بطور کرکٹ ریفری اپنی نئی ذمہ داریاں سنبھال لی ہیں۔ایمن انور نے اپنے انٹرنیشنل کرکٹ کیریئر کے دوران پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے 8 ون ڈے انٹرنیشنل اور 37 ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے۔ فاسٹ بولر نے قومی ٹیم کے لیے مختلف مواقع پر اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا اور ویمنز کرکٹ میں اہم کردار ادا کیا۔ریٹائرمنٹ کے بعد ایمن انور نے کرکٹ سے مکمل طور پر کنارہ کشی اختیار کرنے کے بجائے کھیل سے وابستہ رہنے کا فیصلہ کیا ہے۔ وہ اب کرکٹ ریفری کی حیثیت سے اپنی خدمات انجام دے رہی ہیں۔ایمن انور نے کراچی میں جاری نیشنل ویمنز انڈر 19 ٹورنامنٹ میں ویمن ریفری کی حیثیت سے اپنے فرائض کا آغاز کیا۔ اس سے قبل انہوں نے رواں سال جنوری میں کرکٹ ریفری کے لیے منعقدہ انڈکشن کورس بھی کامیابی سے مکمل کیا تھا۔ایمن انور کا کرکٹر سے ریفری بننے کا سفر خواتین کے لیے کھیل کے مختلف شعبوں میں آگے بڑھنے کی ایک مثال قرار دیا جا رہا ہے۔ ان کی جانب سے ریٹائرمنٹ کے بعد بھی کرکٹ سے وابستہ رہنے کے فیصلے سے ویمنز کرکٹ میں نئے مواقع پیدا ہونے کی امید ہے