گھر میں سفید اور نرم مکھن بنانے کا آسان طریقہ سامنے آگیا

گھر میں دہی سے مکھن تیار کرنا ایک روایتی طریقہ ہے، لیکن اکثر خواتین شکایت کرتی ہیں کہ ان کا بنایا ہوا مکھن بازار جیسا سفید، نرم اور دانے دار نہیں بنتا۔ اس عمل میں بعض اوقات زیادہ وقت اور محنت بھی درکار ہوتی ہے۔حال ہی میں سوشل میڈیا پر ایک بھارتی خاتون شیف نے دہی سے مکھن نکالنے کی ایک آسان اور مؤثر ترکیب شیئر کی ہے، جس کے ذریعے چند منٹوں میں بہترین معیار کا مکھن تیار کیا جا سکتا ہے۔خاتون شیف کے مطابق گاڑھا اور ہلکا کھٹا دہی استعمال کرنے سے زیادہ مقدار میں مکھن حاصل ہوتا ہے۔ فریج میں رکھا ہوا ٹھنڈا دہی اس مقصد کے لیے زیادہ موزوں سمجھا جاتا ہے کیونکہ اس سے مکھن بہتر انداز میں جم جاتا ہے۔مکھن تیار کرنے کے لیے دو سے تین کپ دہی کو ایک گہرے برتن میں ڈال کر ہینڈ وِسک، بلینڈر یا بڑے چمچ کی مدد سے مسلسل ایک ہی سمت میں پھینٹا جاتا ہے۔ چند منٹ بعد دہی کی ساخت ہلکی ہونا شروع ہو جاتی ہے۔اس دوران آہستہ آہستہ برف ملا ٹھنڈا پانی شامل کیا جاتا ہے، جو دہی میں موجود چکنائی کو مضبوط بنا کر مکھن کو الگ کرنے میں مدد دیتا ہے۔ نتیجتاً مکھن اوپر جمع ہونا شروع ہو جاتا ہے۔

جب مکھن مکمل طور پر الگ ہو جائے تو اسے احتیاط سے نکال کر دو سے تین مرتبہ ٹھنڈے پانی سے دھو لیا جاتا ہے۔ اس عمل سے مکھن کی کھٹاس کم ہو جاتی ہے اور اس کی تازگی، نرمی اور محفوظ رہنے کی مدت میں اضافہ ہوتا ہے۔